Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کے لیڈیز میوزیم میں کیا ہے؟

تاریخی ملبوسات اور آرائش کا سامان نمائش کے لیے رکھا ہے۔ (فوٹو العربیہ)
 سعودی خاتون ’ام یحییٰ‘ 20 برس سے جازان کی کمشنری ھروب میں لیڈیز میوزیم قائم کیے ہوئے ہیں۔ جازان سعودی عرب کا جنوب مغربی صوبہ ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق ام یحییٰ نے میوزیم میں کمشنری کی خواتین کے تاریخی ملبوسات اور آرائش کا سامان نمائش کے لیے رکھا ہے۔
ماضی میں ھروب کمشنری کی خواتین پرانے طرز کے کپڑے اور روایتی انداز کا میک اپ کیا کرتی تھیں۔ جدید ملبوسات اور میک اپ کی نئی پرکشش اشیا کے رواج کے بعد یہ سب کچھ ماضی کا قصہ بن گیا ہے۔ 

کھالیں صاف کرکے کئی تاریخی تحفے تیار کیےہیں( فوٹو العربیہ)

العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے ام یحیی نے بتایا کہ وہ 30 برس سے اپنے گھر کے ایک کمرے میں زنانہ تاریخی اشیا جمع کر رہی ہیں البتہ اسے لیڈیز میوزیم کی شکل چھ برس قبل ہی دی ہے۔ 
ام یحیی نے بتایا کہ ’مجھے قدیم زنانہ ملبوسات اور آرائشی اشیا جمع کرنے کا شوق تھا تاہم وسائل محدود تھے جب میں نے یہ دیکھا کہ گھریلو خواتین مختلف اشیا جو ان کے استعمال میں تھی انہیں خیر باد کہنے لگی ہیں مثال کے طور پر کھانے محفوظ کرنے والا نعمت خانہ، خوشبویات اور بخور والا سامان ختم کر رہی ہیں تو میں نے ان سے یہ سامان حاصل کرکے جمع کر لیا۔‘
’یہاں کی خواتین قہوہ، چھوٹی الائچی، ادرک اور مصالحہ جات خاص قسم کے برتنوں میں محفوظ کیا کرتی تھیں۔ باورچی خانے میں پکوان کے مختلف برتن تھے جو اب استعمال نہیں ہوتے ہیں۔ یہ سب مختلف گھروں سے لے کر اپنے گھر میں جمع کر لیے اور انہیں میوزیم کی شکل دے دی۔‘

خواتین قہوہ اور مصالحہ جات خاص برتنوں میں محفوظ کیا کرتی تھیں۔ (فوٹو: العربیہ)

ام یحیی نے بتایا کہ ’ویسے میرا پیشہ کھالیں صاف کرنے کا ہے۔ کھالیں صاف کرکے کئی تاریخی تحفے تیار کیے اور انہیں بھی اپنے عجائب گھر کی زینت بنایا ہے۔‘
ام یحییٰ بتاتی ہیں کہ ’کھال سے گوشت ہٹا کرکھال کی صفائی کرتی ہوں اور یہ کام ایک تا دو ماہ میں مکمل ہوتا ہے۔ کھال میں نمک ملایا جاتا ہے۔‘
’ایک عرصے سے ھروب کمشنری میں ’الحذق‘ نامی پودے کا پھل صفائی میں استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ پھل لیموں جیسا ہوتا ہے اسے پیسنے کے بعد کھال پر ڈالا جاتا ہے۔ اس سے کھال کی صفائی میں بڑی مدد ملتی ہے۔‘

غیرملکی سیاح بھی لیڈیز میوزیم کا رخ کررہے ہیں۔( فوٹو: العربیہ)

ام یحییٰ نے بتایا کہ لیڈیز میوزیم دیکھنے کے لیے نہ صرف یہ کہ صوبے کے باشندے آ رہے ہیں بلکہ غیرملکی سیاح بھی اس کا رخ کررہے ہیں۔ آرزو ہے کہ اْگے چل کر یہ مزید وسیع ہوجائے۔ خوشی کی بات یہ ہپے کہ آنے والوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے۔ مشکل اس وقت پیش آتی ہے جب بیک وقت کئی گروپ ساتھ آجاتے ہیں اور انہیں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ 

شیئر: