Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 جنوبی سعودی عرب کے سحر انگیز مناظر

محمد القرنی نے جنوبی سعودی عرب کے جمالیاتی مناظر کی فوٹو گرافی کی۔ فوٹو العربیہ
جنوبی سعودی عرب میں فوٹوگرافرز نے سحر آفریں قدرتی مناظر کیمرے میں قید کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں۔
جنوبی سعودی عرب کا شمار دنیا کے خوبصورت ترین پہاڑی علاقوں میں ہوتا ہے۔ یہ علاقہ اپنے پہاڑوں، سبزہ زاروں اور آبشاروں کے لیے مملکت بھر میں مشہور ہے۔
جب بھی بادل پہاڑوں پر چھاتے ہیں تو سحر آفریں قدرتی مناظر دعوت نظارہ دیتے ہیں۔ 
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے فوٹو گرافر محمد القرنی نے بتایا کہ جنوبی سعودی عرب کی کمشنریوں کے جمالیاتی مناظر کی آئینہ دار تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ یہ علاقہ پرکشش قدرتی مناظر سے مالا مال ہے۔ یہاں کے سبزہ زار اور پہاڑوں کی چوٹیوں سے نکلنے والے آبشار قدرتی مناظر کے شائقین کو دعوت نظارہ دیتے ہیں۔  

بلقرن اور المجاردۃ کمشنریوں کے آبشار اپنی نوعیت کے منفرد ہیں۔ فوٹو العربیہ

القرنی نے بتایا کہ جنوبی سعودی عرب کی کمشنریوں میں جمالیاتی حسن موجود ہے۔ یہ اپنے شاندار سبزہ زاروں، آبشاروں اور چشموں کی بدولت دنیا کے خوبصورت ترین سیاحتی علاقوں میں شمار ہوتے ہیں۔ 
سعود ی فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ وہ چھ برس سے فوٹو گرافی کے پیشے سے منسلک ہیں اور قدرتی مناظر کے حسن و جمال کو فن پاروں میں تبدیل کرنے کے لیے مختلف اقسام کی تکنیک استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ڈرون کے ذریعے بھی فوٹو گرافی کرتے ہیں۔
القرنی کے مطابق سعودی عرب کی عسیر کمشنری میں بارش کا موسم نہ صرف یہ کہ صحر آفریں ہے، بلکہ اچھوتے خوبصورت خیالات اور تصورات کا سرچشمہ بھی ہے۔  

جنوبی سعودی عرب کا شمار دنیا کے خوبصورت ترین پہاڑی علاقوں میں ہوتا ہے۔ فوٹو العربیہ

انہوں نے بلقرن اور المجاردۃ کمشنریوں کے حوالے سے بتایا کہ یہاں کے آبشار اپنی نوعیت کے منفرد ہیں جو متعدد وادیوں سے گزرتے ہیں۔ کاشتکار ان کے پانی سے اپنی کھیتوں کی آبیاری کرتے ہیں۔
’یہاں کے پہاڑوں کا سبزہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ گھنے سایہ دار بڑے بڑے درخت پہاڑوں کا حسن دوبالا کیے ہوئے ہیں۔‘
بلقرن اور المجاردۃ کمشنریوں میں پرانے طرز کے منفرد مکانات والے قریے بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ یہ قریے ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہیں۔ یہاں مکانات دو منزلہ بھی ہیں اور تین منزلہ بھی، پہلی نظر میں قدیم طرز کے قلعے نظر آتے ہیں۔ 
محمد القرنی کا کہنا ہے کہ انہیں بللحمرتحصیل میں زرعی کیاریاں سخاوت اور فیاضی کی علامت لگتی ہیں۔

 بارق کمشنری خوبصورت وادیوں کے لیے مشہور ہے۔ فوٹو: العربیہ

’یہاں اگنے والی فصلیں پورے علاقے کو خوراک کے سلسلے میں دنیا بھر کو بے نیاز کیے ہوئے ہیں۔‘
القرنی نے بتایا کہ انہیں النماص میں بادلوں سے بغل گیر بلند و بالا پہاڑ کے مناظر نے اپنا اسیر بنا لیا ہے۔
’گرمی میں یہاں موسم معتدل رہتا ہے، بارق کمشنری کی وادیاں اور شیریں پانی کی نہریں خواب و خیال کی دنیا میں لے جاتی ہیں۔‘

شیئر: