Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 امریکی بانڈز میں سعودی سرمایہ کاری 130 ارب ڈالر

امریکی بانڈز میں مزید 5.4 ارب ڈالر لگائے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب کی امریکی بانڈز میں سرمایہ کاری 130 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔  
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے اگست 2020 کے دوران امریکی بانڈز میں مزید 5.4 ارب ڈالر لگائے ہیں۔ جولائی کے مقابلے میں 4.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب 130 ارب ڈالر مالیت کے امریکی بانڈز کا مالک بن چکا ہے۔ گذشتہ جولائی کے آخر میں سعودی عرب کے پاس 124.6 ارب ڈالر مالیت کے امریکی بانڈز تھے۔
سالانہ کی بنیاد پر اگست 2020 کے دوران 29.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ اگست 2019 میں سعودی عرب 183.8 ارب ڈالر کے امریکی بانڈز خریدے ہوئے تھا۔ اس حوالے سے 53.8 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔  
اگست 2020 کے آخر میں امریکی بانڈز خریدنے والے ملکوں میں سعودی عرب 16 ویں نمبر پر آگیا۔ جاپان 1278.4 ارب ڈالر کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے۔ چین 1068 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ 
عرب ملکوں میں سب سے زیادہ امریکی بانڈز کا مالک سعودی عرب ہے۔ کویت دوسرے نمبر پر ہے جس کا دنیا بھر میں نمبر 26 واں ہے۔ کویت کے پاس 46.4 ارب ڈالر کے امریکی بانڈز ہیں۔
امارات عرب ملکوں میں تیسرے نمبر پر ہے جو اگست کے آخر میں 36.6 ارب ڈالرز کے بانڈز کا مالک ہے۔ 
امریکی بانڈز میں اگست 2020 کے آخر تک 7083.2 ارب ڈالر کا سرمایہ لگا ہوا ہے۔ 

شیئر: