شمالی منزل: مملکت کے سیاحتی منظرنامے کو نمایاں کرنے والا ایک سعودی ٹور
مملکت میں موجود متنوع سیاحتی مقامات کو متعارف کرانے کے لیے ’شمالی منزل‘ کے عنوان سے کمیونٹی انیشیٹیو کا آغاز کیا گیا ہے جو ایسے افراد کے لیے ہے جو سفر اور نئے مقامات کی تلاش میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق اقدام کے تحت مملکت کے مختلف علاقوں میں قدرتی مقامات اور ثقافتی آثار کو نمایاں کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو ان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل ہو سکیں۔
اس انیشیٹیو کے تحت مختلف روٹس پر سفر کیا جائے گا جن میں جنوبی، مشرقی، مغربی اور وسطی علاقے شامل ہیں۔

ریاض سے شروع ہونے والا سفر حائل ریجن سے ہوتا ہوا العلا پہنچ کر تبوک ریجن پر ختم ہوگا جہاں مختلف ریتیلے اور چٹانی علاقوں و منفرد قدرتی مقامات کا مشاہدہ کیا جائے گا۔
ٹور کے نگران خالد عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ ’العلا کا مقام سیاحتی، ثقافتی اور قدرتی رعنائیوں سے بھرپور اورعالمی سطح پر بھی مشہور ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’انیشیٹیو کا مقصد سیاحتی مقامات کے انفراسٹرکچر اور سروسز میں ہونے والی ترقی پر بھی روشنی ڈالی جائے گی جس کے لیے گاڑیوں میں گراؤنڈ ٹور کیے جائیں گے۔‘

شمالی منزل انیشیٹیو دراصل لوگوں کو اس جگہ سے جوڑنے و ماحولیاتی اور ثقافتی بیداری بڑھانے کے ساتھ ساتھ پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے قومی کوششوں کو نمایاں کرنا ہے۔
یہ کمیونٹی کی سطح پر ایک ایسا اقدام ہے جس کے ذریعے مملکت کی خوبصورتی کی حقیقی تصویر پیش کرنا ہے۔
