جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا آغاز، بین الاقوامی ستارے ریڈ کاپٹ پر جلوہ گر
جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا آغاز، بین الاقوامی ستارے ریڈ کاپٹ پر جلوہ گر
جمعہ 5 دسمبر 2025 9:21
جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے آغاز کے موقع پر ہالی وڈ، بالی وڈ اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کی فلمی صنعتوں کے بین الاقوامی ستارے اکٹھے ہوئے۔
فیسٹیول کا 2025 ایڈیشن چار دسمبر سے شروع ہوا جو 13 دسمبر تک جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں جاری رہے گا، البلد فیسٹیول کا مستقل مقام ہے۔
جمعرات کی شب ریڈ کارپٹ پر آسکر ایوارڈ یافتہ ایڈریئن بروڈی، امریکی اداکارائیں کوئین لطیفہ، کرسٹن ڈنسٹ، جیسیکا البا اور یما تھرمن، کیوبا و سپین کی اداکارہ انا ڈی آرمس، برطانوی اداکار ڈینیئل کالویا اور برطانوی گلوکارہ ریتا اورا موجود تھیں۔ مشرق وسطیٰ سے سعودی سٹار سارہ طیبہ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں، جن کے ساتھ زینا مکی، حنا منصور اور دیگر بھی شریک تھیں۔
’دی بروٹلسٹ‘ کے اداکار ایڈریئن بروڈی نے ریڈ کارپٹ پر عرب نیوز سے کہا کہ ’یہ دراصل دوسری مرتبہ ہے کہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شریک ہو رہا ہوں۔ اور میں اس پر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں جو وہ کر رہے ہیں، اور سعودی عرب جو کر رہا ہے، نہ صرف فلم اور فنون میں بلکہ وہ اپنی ثقافت کو بھی سپورٹ کر رہے ہیں۔‘
’یہاں کے نوجوانوں میں میں نے خاص طور پر فخر اور خوشی کا ایک شاندار جذبہ محسوس کیا ہے۔ وہ خود کو بااختیار اور کام کو کرنے کے قابل سمجھتے ہیں، جو اس دنیا میں محسوس کرنے کے لیے ایک حیرت انگیز بات ہے۔ خاص طور پر یہ فیسٹیول فلم میں کم نمائندگی والی خواتین کی آوازوں کو نمایاں کر رہا ہے۔۔۔ اور ساتھ ہی نوجوان اور فلم سازوں کو یہاں مواقع مل رہے ہیں۔‘
برطانوی اداکار مائیکل کین بھی تقریب میں موجود تھے، انہیں فلمی صنعت میں ان کے کام کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
اداکار ایڈریئن بروڈی دوسری مرتبہ ریڈ سی انٹرنینشل فلم فیسٹیول میں شرکت کر رہے ہیں۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
رواں برس ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا موضوع ’فار دا لو آف سینما‘ہے، اور سعودی عرب، عرب دنیا، ایشیا اور افریقہ کی 100 سے زیادہ فلمیں، خصوصی نمائشیں، صنعت کے لیے اقدامات، خواتین فلم سازوں پر توجہ اور عالمی تعاون کے مواقع پیش کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔
امریکی اداکارہ اور ہدایتکارہ نتاشا لیون نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میں یہاں کچھ غیرمعمولی خواتین فلم سازوں کے ساتھ کام کر چکی ہوں۔۔۔ میرا خیال ہے کہ یہ بین الاقوامی سطح پر نظر ڈالنے کا اہم وقت ہے، اور خاص طور پر ایک خاتون، فلم ساز اور ایسی شخصیت کے طور پر جو مصنوعی ذہانت کے اچھے اور برے پہلوؤں سے آگاہ ہے، مجھے لگتا ہے کہ خواتین فلم سازوں کے ساتھ یہاں ہونا اور واقعی یہ سمجھنا کہ ہم سب کے لیے کیا اہم ہے، بہت ضروری ہے۔‘
کینیڈین اداکارہ نینا ڈوبرے نے کہا کہ اس فیسٹیول میں 38 خواتین فلم سازوں کو اعزاز دیا جا رہا ہے، جو مجھے واقعی بہت خوش کر رہا ہے۔‘
اس برس کی افتتاحی تقریب کی شروعات برطانیہ اور امریکہ کی بائیوپک فلم ’جائنٹ‘ سے ہوئی، جس کی ہدایت کاری روان اتھیل نے کی ہے۔ فلم میں برطانوی یمنی باکسر پرنس نسیم حامد کی زندگی کو دکھایا گیا ہے، جس کا کردار امیر المصرٰی نے ادا کیا ہے۔
المصرٰی نے ریڈ کارپٹ پر عرب نیوز کو بتایا کہ ’یہ ایک ایسی فلم ہے جس پر ہم نے بہت محنت کی ہے۔ یہ دونوں ثقافتوں، مشرق اور مغرب کو یکجا کرتی ہے۔ یہ ایک ایسے شخص کے بارے میں ہے جو شیفیلڈ میں پروان چڑھا، لیکن یمنی، مسلمان اور باکسر ہے، جس نے شیفیلڈ میں اپنی زندگی کے پرتشدد دور سے نکل کر عالمی چیمپئن بننا ممکن بنایا۔ یہ آسان کام نہیں۔‘
دس روزہ فیسٹیول کے دوران، آڈیئنس کو 70 سے زیادہ ممالک کی 100 سے زائد فلمیں دیکھنے کو ملیں گی، جن میں عالمی پریمیئرز، علاقائی آغاز اور بین الاقوامی فیچرز، دستاویزی فلمیں، اینیمیشن اور شارٹ فلمیں شامل ہیں۔
عرب سپیکٹیکولر پروگرام میں علاقائی فلمیں شامل ہوں گی، جن میں اینیمری جیسیر کی ’فلسطین 36‘، حیفا المنصور کی ’ان آئیڈنٹیفائیڈ‘ اور انس با تہف کی ’اے میٹر آف لائف اینڈ ڈیتھ‘ شامل ہیں، جس میں سعودی اداکارہ سارہ طیبہ نے کردار ادا کیا ہے۔
کینیڈین اداکرہ نینا ڈوبرے نے فیسٹیول میں 38 خواتین فلم سازوں کو اعزاز دینے پر خوشی کا اظہار کیا۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
طیبہ نے ریڈ کارپٹ پر عرب نیوز کو بتایا کہ ’میں پرجوش بھی ہوں اور ڈری ہوئی بھی۔ یہ ایک رومانوی ڈارک کامیڈی ہے جو میرے خیال میں سعودی فلموں میں ایک بالکل نئی چیز ہے۔ یہ کلر فُل ہے۔‘
انٹرنیشنل سپیکٹیکولر میں عالمی پریمیئرز پیش کی جائیں گی، جن میں اینجلینا جولی کی ’کوچیور‘، ’دی وزرڈ آف دی کریملن‘، ’سکارلٹ‘، ’فوروکیٹو اے فلیمینکو ڈائنسٹی‘ اور سعودی عرب میں فلمائی گئی ’ڈیزرٹ واریئر‘ شامل ہیں۔
سکریننگز کے علاوہ، ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایک بڑا صنعتی ہب بھی ہے۔ فیسٹیول کی مارکیٹ پلیس، ریڈ سی سوک 6 سے 10 دسمبر تک واپس آ رہی ہے جس میں 40 سے زیادہ ممالک کے 160 سے زائد نمائش کنندگان، انڈسٹری پینلز، پروجیکٹ مارکیٹ پچز، ماسٹر کلاسز اور نیٹ ورکنگ سیشنز شامل ہیں۔