Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، تُرک ایئر لائن کو جرمانہ

ایک مسافر مالی سے براستہ استنبول لاہور بغیر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے سفر کر رہا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تُرک ایئر لائن پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔  
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایک مسافر مالی سے براستہ استنبول لاہور بغیر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے سفر کر رہا تھا، استنبول ایئر پورٹ پر مسافر سے کورونا ٹیسٹ طلب کیا گیا جس کی عدم موجودگی پر مسافر کو استنبول ایئر پورٹ ہی چھوڑ دیا گیا۔  
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی علم میں معاملہ آنے کے بعد ترکش ایئر لائنز پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دیگر اخراجات بھی تُرک ایئر لائن ہی ادا کرے گی۔  

 

سول ایوی ایشن نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ مسافر پانچ روز تک ایئر پورٹ پر ہی موجود رہا اور تُرک ایئر لائن کی جانب سے مسافر کی کوئی مدد نہیں کی گئی تاہم ترکی میں موجود پاکستانی سفیر کی جانب سے معاملہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹس میں لایا گیا جس کے بعد مسافر کی لاہور آمد کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔  
تُرک ایئر لائن کو استنبول میں موجود مسافر کو لاہور لانے کے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم لاہور پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ اور قرنطینہ کے اخراجات ایئر لائنز کو ادا کرنا پڑیں گے جبکہ مسافر کو طیارے میں سب سے الگ بٹھایا جائے گا اور دوران سفر کسی کے ساتھ بھی میل جول کی اجازت نہیں ہوگی۔  
سول ایوی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ مستبقل میں ایئر لائن کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی تو سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔ 
خیال رہے کہ اس سے قبل قطر ایئر ویز کی جانب سے بھی کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر چکی ہے۔  
پاکستان سفر کرنے کے لیے ایس او پیز کیا ہیں؟  
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے ایس او پیز جاری کیے ہیں جن پر پانچ اکتوبر سے عملدرآمد کرنا ضروری ہے۔ 

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو دو کٹیگریز میں تقسیم کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

تمام مسافر جو بیرون ملک سے پاکستان آنے کے خواہشمند ہیں انہیں سب سے پہلے تو ’پیسنجز ٹریک‘ ایپ انسٹال کرنا ہوگی جو گوگل پلے سٹور اور ایپل سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ جو مسافر سمارٹ فون نہیں رکھتے ان کی سہولت کے لیے ویب سائٹ موجود ہے جہاں وہ اپنے ڈیٹا کا اندراج کر سکتے ہیں۔ 
18سال سے کم عمر بچے، معذور افراد اور اعلیٰ سطح کے عالمی وفود کو ایپ اور ویب سائٹ پر ڈیٹا فراہم کرنے سے استثنیٰ حاصل ہے۔ 
اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو دو کٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔ کٹیگری اے میں شامل ممالک کے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کا ٹیسٹ ضروری نہیں۔ اس کٹیگری میں سعودی عرب، نیوزی لینڈ، چین، آسٹریلیا، جرمنی، جاپان، اٹلی اور دیگر 31 ممالک شامل ہیں۔ 
کٹیگری بی میں شامل ممالک کے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، یہ ٹیسٹ پرواز کی روانگی سے پہلے 96 گھنٹوں کے اندر اندر کروانا ہوگا۔ اس کیٹیگری میں متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت، ایران، عراق، اومان اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ 

شیئر: