Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاہ چیتے کے ساتھ کھیلنا اور تصویر لینا مہنگا پڑ گیا

جیسے ہی انکلوژر میں داخل ہوا سیاہ چیتے نے حملہ کر دیا۔(فوٹو عرب نیوز)
جنوبی فلوریڈا کے وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر کے بیک یارڈ میں قید ایک سیاہ چیتے نے ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا۔
فلوریڈا میں قائم ڈبلیو پی ایل جی چینل کے مطابق اس شخص نے سیاہ چیتے کے ساتھ ’مکمل رابطے کے تجربے‘ کے لیے  150 ڈالر ادا کیے جس کی وجہ سے اسے چیتے کے ساتھ  کھیلنے اور اس کی تصاویر لینے کی اجازت دی گئی۔
فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ 31 اگست کو ڈیوی میں پیش آیا جو فورٹ لاؤڈرڈیل کے قریب ہے۔
ایجنسی نے چڑیا گھر کے مالک پر ایک انتہائی خطرناک جانور سے مکمل رابطے کی اجازت دینے کا الزام عائد کیا اور وائلڈ لائف کو غیر محفوظ حالت میں رکھنے کا حوالہ دیا۔
ڈبلیو پی ایل جی  چینل کی خبر کے مطابق چڑیا گھر کا مالک اپنے گھر میں نایاب اور نا پید ہونے کے خطرے سے دوچار جانوروں کے لیے لائسنس یافتہ  پناہ گاہ چلاتا ہے۔
اطلاع کے مطابق جیسے ہی وہ شخص انکلوژر میں داخل ہوا سیاہ چیتے نے اس پر حملہ کر دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیتے کے حملے کے باعث زخم اتنے شدید تھے کہ اس کی ’کھوپڑی کے اوپری حصے کی کھال اس کے سر سے لٹکی ہوئی تھی‘ اور اس کا دایاں کان دو حصوں میں کٹا ہوا تھا۔
ڈبلیو پی ایل جی چینل کے مطابق متاثرہ شخص کو متعدد سرجریز کی ضرورت ہے۔

شیئر: