Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری ہسپتالوں میں آسامیاں خالی کیوں؟

اسلام آباد کے چار بڑے سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کی 819 آسامیاں خالی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستان کی وفاقی حکومت نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چار بڑے سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کی 819 آسامیاں خالی ہیں۔
سینیٹر میاں عتیق کے سوال کے جواب میں سینیٹ لائبریری میں رکھی گئی معلومات کے مطابق اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنز (پمز) میں 302 میڈیکل جبکہ 122 پیرا میڈیکل سٹاف کی آسامیاں خالی ہیں۔
پولی کلینک ہسپتال میں 243 میڈیکل اور 52 پیرا میڈیکل عملے جبکہ فیڈرل گورنمنٹ جنرل ہسپتال میں 26 میڈیکل اور 36 پیرا میڈیکل سٹاف اور نیشنل انسٹی آف ری ہیبلیٹیشن میڈیکس (نرم) میں 20 میڈیل اور 18 پیرا میڈیکل عملے کی کمی ہے۔
وزارت کی جانب سے جمع کرائی گئی معلومات کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں مجموعی آسامیوں کی تعداد 1241 ہے جن میں 819 افراد کام کر رہے ہیں جبکہ 422 سیٹوں پر عملے کا فقدان ہے۔
پمز میں گریڈ 20 کی 45 میں سے 25، گریڈ 19 کی 66 میں سے 47، گریڈ 18 کی 233 میں سے 169، گریڈ 17 کی 452 میں 61 جبکہ پیرا مڈیکل سٹاف کی 445 میں 120 آسامیاں خالی پڑی ہیں۔
اس طرح پولی کلینک  میں مجموعی نشستوں کی تعداد 1211 ہے جن میں سے 916 پر ہیں تاہم 195 سیٹیں خالی ہیں۔
پولی کلینک کی گریڈ 21 کی واحد آسامی بھی خالی ہے جبکہ گریڈ 20 کی 19 میں 6 ، گریڈ 19 کی 37 میں سے 17، گریڈ 18 کی 96 میں سے 59، گریڈ 17 کی 355 میں سے 108 اور گریڈ 16 کی 294 میں سے 51 جبکہ گریڈ 4 سے 14 تک کی 408 آسامیوں میں سے 51 خالی ہیں۔

پولی کلینک  میں مجموعی نشستوں کی تعداد 1211 ہے جن میں سے 916 پر ہیں تاہم 195 سیٹیں خالی ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)

پولی کلینک لوئر مڈل کلاس خاندانوں کا ہسپتال سمجھا جاتا ہے جہاں بڑی تعداد میں حاملہ خواتین اہنے معمول کے چیک اپ اور ڈیلیوری کے لیے آتی ہیں لیکن وہاں پر گائنی سرجن کی تین میں سے دو آسامیاں بھی خالی ہیں۔
فیڈرل گورنمنٹ جنرل ہسپتال (سی ڈی اے ہسپتال) میں مجموعی طور پر 64 آسامیوں پر بھرتی ہونا باقی ہے۔ یہاں پر گریڈ 19 کی دو، گریڈ 18 کی 14، گریڈ 17 کی 13، گریڈ 16 کی 22 جبکہ گریڈ 9 کی 11 آسامیاں خالی ہیں۔
اسی طرح نیشنل انسٹی آف ری ہیبلیٹیشن میڈیکس (نرم) میں گریڈ 19 کی 2، گریڈ 18 کی 8، گریڈ 17 کی 16، گریڈ 16 کی 7 اور ریڈ 12 کی 5 آسامیاں خالی پڑی ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ان آسامیوں کے خالی ہونے کی جو وجوہات بیان کی گئی ہیں ان کے مطابق کئی آسامیوں پر پروموشن کا رکا ہونا، نئی بھرتی نہ ہونا، وزارت کی طرف سے این او سی میں تاخیر شامل ہیں۔ کچھ آسامیوں پر بھرتی کے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو امتحانات لینے کا کہا گیا ہے جبکہ کچھ ہسپتالوں میں بنیادی قواعد میں تبدیلی کے باعث بھرتیاں نہیں کی جا سکیں۔
حکومت کی جانب سے سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ ان خالی آسامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتیاں کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں سہولیات اور پہلے سے موجود سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

شیئر: