Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے عمرہ زائرین کا پہلا گروپ جدہ پہنچ گیا

 سعودی وزیر حج وعمرہ نے زائرین کا خیر مقدم کیا۔(فوٹو ٹوئٹر وزارت حج و عمرہ)
پاکستان اور انڈونیشیا سے عمرہ زائرین کا پہلا کاررواں اتوار کی شام جدہ کے کنگ عبدالعزیز ائیرپورٹ پہنچ گیا۔
 سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر صالح بنتن اور دیگر حکام نے عمرہ زائرین کا خیر مقدم کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہی ہدایت پر عمرہ اور زیارت کی چار مرحلوں میں تدریجی بحالی ہو رہی ہے۔
کووڈ 19 کی وبا کو پھیلاو سے روکنے اور زائرین کی صحت وسلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری حفاظتی تدابیر کے ساتھ زائرین کو مملکت آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 
واضح رہے تقریبا 8 ماہ کی پابندی کے بعد محدود پیمانے پر بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہورہی ہے۔ 
عمرہ زائرین کے لیے ایئر پورٹ پر مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکی گئی ہیں۔ زائرین کو ایئر پورٹ سے مخصوص بسوں میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں میں پہنچایا جائے گا بعدازاں انہیں گروپس کی شکل میں عمرہ کرانے مسجد الحرام لے جایا جائے گا۔ 
بیرون ملک سے آنے والے عازمین کو پہلے اجازت نامہ لینا ہوگا۔ میقات پر پہنچنے سے قبل انہیں تین دن آئسولیشن میں رہنا ہوگا ۔پروٹوکول کے مطابق عمرہ زائرین دس دن مملکت میں قیام کرسکیں گے۔ اس میں تین دن آئسولیشن کے شامل ہیں۔
قبل ازیں سکریٹری تیکنیکی امور برائے مسجد الحرام  نے بتایا ہے کہ محدود اور تدریجی عمرہ پروگرام کا تیسرا مرحلہ موثر خدمات اور تیکنیکی سہولتوں کے ماحول میں شروع ہو گیا ہے۔

عمرہ اور زیارت کی چار مرحلوں میں تدریجی بحالی ہو رہی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر وزارت حج وعمرہ)

العربیہ نیٹ کے مطابق عمرے کا تیسرا مرحلہ شروع ہونے پر 60 ہزار افراد ہر روز مسجد الحرام میں نمازیں مقرہ حفاظتی انتظامات کے ماحول میں ادا کررہے ہیں۔ اعتمرنا ایپلی کیشن کے ذریعے نماز کے اجازت نامے جاری کے گئے ہیں۔
مقدس مساجد کی انتظامیہ نے صحت اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے نمازیوں کی مسجد الحرام آمد اور واپسی کی کارروائی کو منظم کیا ہوا ہے۔ مختلف مقامات پر نمازیوں کے گروپ بنا کر انہیں بھیجا جا رہا ہے۔ تھرمل کیمروں کی مدد سے درجہ حرارت چیک کیا جا رہا ہے ۔ ہاتھوں کو سیناٹائز کرایا جا رہا ہے۔ ماسک کی پابندی کرائی جا رہی ہے۔ 
مقدس مساجد کی انتظامیہ کی خدمات اور تیکنیکی امور کی ایجنسی مسجد الحرام کے اندر اور صحنوں میں آب زمزم فراہم کر رہی ہے۔ 800 کارکن مطاف کے صحن، صفا اور مروہ، پہلی منزل، کنگ فہد کے توسیعی حصے اثر کنگ عبدللہ والی توسیعی عمارت میں آب زمزم کی پینتالیس ہزار بوتلیں زائرین کو پیش کر رہے ہیں۔

عمرہ زائرین دس دن مملکت میں قیام کرسکیں گے۔(فوٹو ٹوئٹر وزارت حج وعمرہ)

علاوہ ازیں مسجد الحرام دروازوں، صحنوں زینوں اور نماز کے لیے مختص جگہوں پر 50 سے زیادہ بیگ رکھے گئے ہیں جن میں آب زمزم کی بوتلیں موجود ہیں۔
عمرہ زائرین اور نمازیوں کی خدمت لے لیے چار ہزار صفائی کارکن چوبیس گھنٹے مستعد ہیں۔
انڈونیشیا میں متعین سعودی سفیر نے اتوار کو جکارتہ انٹرنیشنل ائر پورٹ پر انڈونیشیا کے پہلے کاررواں کو رخصت کیا۔ سعودی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ  بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کا یہ پہلا کاررواں ہے جو سعودی عرب کےلیے روانہ ہو راہا ہے۔ پرواز سے 224 زائرین جدہ پہنچے ہیں۔ یہ سعودی عرب میں صرف دس روز قیام کریں گے۔

شیئر: