Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کے ’بادشاہ‘ شاہ رُخ خان 55 برس کے ہوگئے

بالی وڈ میں شاہ رخ اور کاجول کی جوڑی کو بہت پسند کیا گیا (فوٹو: فیس بُک)
بالی وڈ کے 'بادشاہ' شاہ رخ خان آج یعنی پیر دو نومبر کو 55 سال کے ہو گئے ہیں اور ان کے مداح انھیں سوشل میڈیا پر خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
شاہ رخ خان نے فلم 'دیوانہ' سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور پھر انھوں نے لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا دیا۔ ان کا موازنہ تھوڑے ہی دنوں میں امیتابھ بچن اور دلیپ کمار سے ہونے لگا۔
یوں تو شاہ رخ خان نے اس سے قبل کئی ٹی وی سیریلز میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا تھا لیکن دہلی سے ممبئی منتقل ہونے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ ان کی کایا ہی پلٹ گئی۔

 

یکے بعد دیگرے انھوں نے چار فلمیں سائن کیں جن میں بالی وڈ کی 'ڈریم گرل' یعنی اداکارہ ہیما مالنی کی فلم 'دل آشنا ہے' بھی شامل تھی۔ دراصل یہی ان کی پہلی فلم تھی لیکن 'دیوانہ' پہلے ریلیز ہوئی اور اس طرح وہ اپنی دیوانگی کے ساتھ بالی وڈ میں داخل ہوئے۔
شاہ رخ خان کو اپنی شکل و صورت سے شکایت تھی اور وہ خود کو فلم میٹیریل نہیں سمجھتے تھے لیکن والدہ کی موت کے بعد انھوں نے سنہ 1991 میں دہلی چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ عہد ساز ثابت ہوا۔
شاہ رخ خان نے پہلے کچھ اینٹی ہیروز کے رول کیے اور اس میں ان کی فلم 'ڈر' نے سب کو متاثر کیا۔ اس کے بعد ان کی فلم 'بازیگر' بھی اسی طرح کی فلم تھی جس میں ان کے کردار کی ڈارک سائڈ بھی تھی۔
لیکن پھر ان کی فلم 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' آئی اور وہ 'کنگ آف رومانس' کہلانے لگے۔ ہر چند کہ اداکارہ کاجول کے ساتھ لوگوں نے ان کی جوڑی کو خوب سراہا لیکن اداکار دیوانند کی طرح وہ کسی بھی ہیروئن کے ساتھ بہت مناسب نظر آتے تھے۔
شاہ رخ خان کے انرجی لیول کی ہر فلم کریٹک نے بات اور تعریف کی ہے۔ انھوں نے شروع میں ان لوگوں کو بھی کنیکٹ کیا جو عام نظر آتے تھے لیکن شاہ رخ عام سے خاص اور خاص تر ہوتے گئے، یہاں تک کہ سپر سٹار بن گئے اور لاکھوں دلوں پر راج کرنے لگے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے شاہ رخ خان کے بارے میں چار سپر سٹارز دلیپ کمار، امیتابھ بچن، سلمان خان اور عامر خان کے اقوال کو نقل کیا ہے جو ان کے مختلف پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔
آنند ٹھاکر نامی صارف نے چار اقوال کو پوسٹ کیا ہے جو اس طرح ہیں: دلیپ کمار کہتے ہیں کہ 'بالی وڈ سو سلمان اور عامر پیدا کر سکتا ہے لیکن صرف خدا شاہ رخ کو بنا سکتا ہے۔' یہ ان کی اداکاری کی خداداد صلاحیت کی جانب اشارہ کرتا ہے جبکہ امیتابھ بچن کا یہ قول نقل کیا گیا ہے کہ 'شاہ رخ مجھ سے بڑا ہے'۔
یہ امیتابھ بچن کی کسرِ نفسی ہو سکتی ہے۔ سلمان کا قول نقل کیا گیا ہے کہ 'میں کنگ نہیں ہوں بلکہ شاہ رخ کنگ ہیں' اور عامر خان کا قول نقل کیا گیا ہے کہ جس میں وہ کہتے ہیں کہ 'جب میں شاہ رخ خان کو کسی کمرے میں داخل ہوتے ہوئے دیکھتا ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ کوئی سٹار کمرے میں داخل ہوا ہے۔'
فلم انڈسٹری پر نظر رکھنے والے رمیش بالا نے جہاں شاہ رخ خان کو یوم پیدائش کی مبارک باد دی ہے وہیں لکھا ہے کہ 'فارم عارضی ہوتا ہے جبکہ کلاس مستقل'۔ شاید یہ ان کی گذشتہ فلم 'زیرو' کی ناکامی کی جانب اشارہ ہے جو باکس آفس پر فلاپ ہو گئی تھی۔ انھوں نے لکھا ہے کہ وہ ان کی آنے والی فلم کے منتظر ہیں۔'
شاہ رخ خان جہاں بہت بڑے انٹرٹینر تصور کیے جاتے ہیں وہیں وہ بالی وڈ کو برصغیر کی چار دیواری سے باہر لے جانے اور وہاں اسے مقبول بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

شیئر: