Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منگیتر کا انکار، ڈاکٹر نے اکیلے شادی رچا لی

ڈاکٹر ڈیوگو نے اس تقریب کو اپنی زندگی کا خوش گوار ترین دن کہا (فوٹو: انسٹاگرام)
برازیل میں ایک ڈاکٹر نے طے شدہ دن پر منگیتر کی طرف سے شادی سے انکار پر اکیلے ہی سے شادی کرلی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر ڈیوگو رابیلو اور وائٹور بیونو کی گذشتہ برس نومبر میں منگنی ہوئی تھی اور ان کی رواں برس اکتوبر میں شادی ہونا تھی۔
تاہم دونوں کے درمیان کئی باتوں پر جھگڑا رہتا تھا اور آخر کار ان کی منگیتر نے جولائی میں شادی کے رشتے میں بندھنے سے انکار کر دیا۔

 

اس طرح کی صورت حال میں شادی کی تقریب کو منسوخ کر دیا جاتا ہے لیکن دلہے نے اُلٹ کرنے کا سوچا اور مہمانوں کو کہا کہ وہ اکیلے ہی شادی کرنے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر ڈیوگو نے 17 اکتوبر کو سمندر کنارے ایک پُرتعیش جگہ پر شادی کی تقریب رکھی جس میں کورونا کی وبا کے باعث صرف 40 افراد نے شرکت کی۔
ڈاکٹر ڈیوگو نے اس تقریب کو اپنی زندگی کا خوش گوار ترین دن کہا۔
’آج میری زندگی کا سب سے اچھا دن ہے۔ میں ان لوگوں کے ساتھ ہوں جنہیں میں بہت پیار کرتا ہوں۔ ایک غمگین صورت حال کو میں نے مزاح میں بدل دیا ہے۔‘
ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے شادی میں شرکت کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے اپنی سابقہ منگیتر کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کی عزت کرتا ہوں۔ میں آپ کو آزاد کرنا چاہتا ہوں تاکہ آپ جہاں چاہیں جاسکیں اور رہ سکیں۔‘

شیئر: