Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف لندن سے فوج کے خلاف سازش کر رہے ہیں: عمران خان

حافظ آباد میں جلسے سے خطاب میں وزیراعظم نے ایک بار پھر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ لندن میں بیٹھ کر پاکستان کی فوج کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔
وسطیٰ پنجاب کے شہر حافظ آباد میں جلسے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی حالیہ تقاریر کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ آدمی لندن میں بیٹھ کر فوج کے خلاف سازش کر رہا ہے۔‘
’سازش کیسے۔۔۔ جب آپ فوج سے کہتے ہیں کہ آرمی چیف اور آئی ایس آئی  چیف کو بدل دیں تو کیا فوج ایک جمہوری ادارہ ہے۔ کیا ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی ہے؟ وہ( نواز شریف) یہ کہہ رہا ہے کہ فوج کے اندر بغاوت کی جائے۔ فوج تختہ الٹ دے۔ یعنی کہ ہماری فوج تباہ ہو۔ اپنی چوری بچانے کے لیے نواز شریف تم ُادھر تک پہنچ گئے ہو کہ اپنی فوج کے خلاف ہندوستان کی زبان بول رہے ہو۔‘
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس سے ان کا عزم مزید پختہ ہوا ہے اور ’جب تک ان سے چوری کا پیسہ نہیں نکالیں گے ان کو نہیں چھوڑوں گا۔‘ 
جلسے میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا نام لیے بغیر عمران خان نے کہا کہ ’ایک ایسا شخص بھی ان میں ہے جو کہتا ہے کہ اسلام کو عمران خان سے خطرہ ہے لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی طرح کے لوگوں کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں 'سرکس لگا ہوا ہے اور اس میں وہ لوگ موجود ہیں جنہوں نے 30 سال اس ملک کو لوٹا۔‘
'یہ امیر ترین ہو گئے اور قوم کو قرضوں میں ڈبو دیا۔'
عمران خان کا کہنا تھا کہ 'ان کے لیے اور قانون ہے اور جو شخص موٹرسائیکل چوری کرتا ہے اس کے لیے کوئی اور۔ یہ جو اربوں روپے ملک کے چوری کرکے لے جا رہے تھے ان کے لیے قانون اور تھا۔'
قومی احتساب بیورو کے بارے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 'ان کے دور میں نیب ان کی غلام تھی، ہمارے دور میں نیب آزاد ہے۔'

شیئر: