مس ورلڈ بننے پر پرینکا چوپڑا نمستے کیوں کرتی رہیں؟
پریانکا کو دو دہائیوں قبل، 30 نومبر کو مس ورلڈ کا خطاب ملا تھا۔ فائل فوٹو: انسٹاگرام
سال 2000 میں مس ورلڈ کا خطاب ملنے کے موقع پر پرینکا چوپڑا نے اپنے لباس میں خرابی کیسے چھپائی اس کے بارے میں انہوں نے اب دو دہائیوں بعد انکشاف کیا ہے۔
جریدے ’پیپل‘ کے ہفتہ وار شو پیپل 10 میں گفتگو کرتے ہوئے پرینکا نے بتایا ہے کہ تقریب کے روز ان کا لباس ان کے جسم پر ٹیپ سے بٹھایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس روز جب تک انہیں خطاب ملا انہیں اتنا پسینہ آ رہا تھا کہ وہ ٹیپ نکل گئی۔
پرینکا نے بتایا کہ انہوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا ہاتھ ایسے رکھا جیسے کہ وہ نمستے کر رہی ہوں۔
'پورا وقت جب میں واک کر رہی تھی اور جس وقت میں نے (خطاب) جیتا میں نے نمستے کرنے کی طرح اپنے ہاتھ اپنے آگے جوڑے رکھے۔ لوگوں کو لگے کہ احترام اور شکریہ ادا کیا جا رہا ہے لیکن اصل میں میں اپنا لباس جسم پر رکھنے کی کوشش کر رہی تھی۔۔۔'
اس طرح کے ایک اور واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے پرینکا کا کہنا تھا کہ 2018 میں میٹ گالا پر انہوں نے لال رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا جس کی وجہ سے انہیں لگا کہ ان کی پسلیاں ہی دب کر رہ گئیں۔
اس شام انہیں بیٹھنے میں بھی دشواری پیش آئی تھی اور وہ زیادہ کچھ کھا بھی نہیں سکی تھیں۔
پرینکا کو دو دہائیاں قبل 30 نومبر کو مس ورلڈ کا خطاب ملا تھا۔
وہ انڈیا سے پانچویں مس ورلڈ تھیں۔ اس سال انہیں یہ خطاب ملنے سے پہلے مس انڈیا کا ٹائٹل ملا تھا۔
اس کے بعد انڈین سٹار لارا دت کو مس یونیورس اور دیا مرزا کو مس ایشیا پیسیفک کا خطاب ملا تھا۔
مس ورلڈ کا خطاب جیتنے کے بعد پرینکا چوپڑا نے 'دا ہیرو: لو سٹوری آف آ سپائی' نام کی فلم کے ساتھ بالی وڈ میں قدم رکھا۔