Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’روہت شرما کو انڈین ٹی 20 ٹیم کا کپتان بنایا جائے‘

روہت شرما کو قومی ٹی20 کپتان کا عہدہ سنبھالنا چاہیے: مائیکل وان (فوٹو اے ایف پی)
انڈین پریمیئر لیگ میں ایک بار پھر ناکامی کے بعد انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کو کپتانی کی کچھ ذمہ داریاں روہت شرما کے حوالے کرنے کے بارے میں بات چیت کی جا رہی ہے۔ 
انڈین کرکٹ ٹیم اس ہفتے کے آغاز میں آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوگی جہاں وہ  تین ٹی20، تین ایک روزہ میچز اور چار ٹیسٹ میچز کھیلے گی تاہم آسٹریلیا پہنچتے ہی انہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدام کے طور پر خود کو ایک ہفتے قرنطینہ کرنا ہوگا۔
آئی پی ایل کے فائنل کے بعد سابق انڈین بلے باز گوتم گھمبیر اور انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا کہ ’روہت شرما کو قومی ٹی20 کپتان کا عہدہ سنبھالنا چاہیے۔‘
گوتم گھمبیر نے ای ایس پی این سے بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’روہت نے پانچ آئی پی ایل ٹائٹل اپنے نام کیے ہیں جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب کپتان بھی ہیں۔‘
2013 میں سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ کی ریٹائرمنٹ کے بعد روہت شرما نے ممبئی انڈیز کی کپتانی کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور انہی کی قیادت میں پانچ بار آئی پی ایل کی فاتح بنی۔

روہت شرما کو دورہ آسٹریلیا کے لیے انڈیا کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیموں میں شامل نہیں کیا گیا (فوٹو اے ایف پی)

وان کی جانب سے بھی روہت شرما کے ٹی20 سیریز میں کپتان بننے کی حمایت  کی گئی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرروہت شرما کو بطور بہترین لیڈر قرار ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’بلاشبہ روہت شرما کو انڈین ٹی 20 کا کپتان ہونا چاہیے۔‘
مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وہ (روہت شرما) ٹی 20 کھیلنا اور جیتنا جانتے ہیں اور اس طرح وراٹ کوہلی کو بھی ایک عام کھلاڑی کی طرح کھیلنےکا موقع ملے گا۔‘
مائیکل وان نے کہا کہ ’کوہلی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کسی ناکامی کی وجہ سے نہیں بلکہ اس میں انڈین کرکٹ ٹیم کی بہتری ہے‘
خیال رہے کہ روہت شرما کو دورہ آسٹریلیا کے لیے انڈیا کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیموں میں شامل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ ہو ہمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے آئی پی ایل کے کئی میچز کھیلنے سے بھی محروم رہ گئے تھے۔
33 سالہ شرما چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ لیں گے تاہم کوہلی ابتدائی ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد پیٹرنٹی رخصت کے باعث سیریز کی اگلے تین میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ 

شیئر: