Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ایک سوال جس نے نازیہ نسیم سے چھ کروڑ روپے چھین لیے

نازیہ اس رقم کو اپنے بیٹے کی تعلیم اور اپنے والدین کی صحت پر خرچ کرنا چاہتی ہیں: فوٹو سونی
انڈیا کے سب سے بڑے کو‏ئز گیم شو 'کون بنے کا کروڑپتی' (کے بی سی) کے بارھویں سیزن کی پہلی کروڑ پتی دہلی کی رہائشی ایک مسلم خاتون نازیہ نسیم بنی ہیں۔
انھوں نے سارے سوالات کے جوابات درست دیے لیکن سات کروڑ روپے والے آخری سوال کا جواب انھیں پتہ نہیں تھا اور انھوں نے کھیل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے انھیں ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم ملی۔
خیال رہے کہ اس شو کے ایک عرصے سے بالی وڈ کے سپرسٹار امیتابھ بچن میزبان ہیں اور اس شو کی اہمیت ان کی موجودگی سے بہت بڑھ جاتی ہے۔
اس شو کو سونی ٹی وی پر پیش کیا جاتا ہے۔ اس یادگار لمحے کا ویڈیو جاری کرتے ہوئے سونی ٹی وی نے لکھا: 'نازیہ نسیم کے بی سی 12 کی پہلی کروڑ پتی ہیں؟
تو سات کروڑ روپے والا سوال کیا تھا؟ 'نیتا جی سبھاش چندر بوس نے سنگاپور میں پہلی بار کس جگہ آزاد ہند کی حکومت کا اعلان کیا تھا؟
خیال رہے کہ سبھاش چندر بوس کانگریس کے صدر رہے تھے لیکن پھر وہ اس سے علیحدہ ہو گئے تھے اور انھوں برطانیہ سے ہندوستان کی آزادی کے لیے جنگ کی راہ اختیار کی تھی اور آزاد ہند نامی فوج بنائی تھی۔
بہر حال اس کے چار ممکنہ جواب اس طرح تھے۔ (اے) کیتھی سینیما ہال، (بی) فورٹ کیننگ پارک، (سی) نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور، (ڈی) نیشنل گیلری آف سنگاپور۔
اس کا درست جواب کیتھی سینیما ہال تھا اور یہ جواب نازیہ کو معلوم نہیں تھا اور انھوں نے اپنے جیتے ہوئے پیسے کو بچانے کے لیے کسی قسم کی قسمت آزمائی نہیں کی۔
ایک کروڑ کی رقم جیتنے کے بعد نازیہ نے خبررساں ادارے آئی اے این ایس کو بتایا کہ 'کے بی سی‘ ان کی ماں کا خواب تھا۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ گذشتہ آٹھ سالوں سے اس میں شرکت کی کوشش کر رہی تھیں لیکن یہ سال ان کے لیے خوش قسمت ثابت ہوا۔
وہ اس رقم کو اپنے بیٹے کی تعلیم اور اپنے والدین کی صحت پر خرچ کرنا چاہتی ہیں۔ نازیہ کی پیدائش اور پرورش جھارکھنڈ ریاست کے دارالحکومت رانچی میں ہوئی ہے۔

شیئر: