کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول میں علاقائی ثقافت اجاگر، فالکنز کی نمائش اور لوک پرفارمنس
مملکت کے حدود الشمالیہ اور قصیم ریجن نے گورنریٹ کی جانب سے کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول کے دسویں ایڈیشن میں علاقائی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنا پویلین قائم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رواں برس کیمل فیسٹیول کا سلوگن ’صداقت اور سلامتی‘ رکھا گیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کے مرکزی پویلین کا عنوان ’نخلستانِ امن‘ ہے۔

مملکت کے ریجنز کے پویلین میں علاقائی تہذیب وثقافت کے شوز پیش کیے جا رہے ہیں جن میں علاقائی رقص، ثقافتی موسیقی اور فالکنز کی نمائش کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
سعودی فنکار رباب پر علاقائی ثقافتی دھنیں پیش کر رہے ہیں جبکہ روایات کو نمایاں کرنے کے لیے مہمان نوازی کا ایک کارنر بھی قائم کیا گیا ہے جہاں آنے والوں کی تواضع سعودی قہوے اور کھجور سے کی جاتی ہے۔

پویلین مختلف شعبوں اور اداروں کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ ثقافت و فنون کی ایسوسی ایشن کے علاوہ ادبی و ثقافتی تنظیموں کی ٹیمیں بھی اس فیسٹیول میں شرکت کر رہی ہیں۔
ریجنل بلدیہ کی ٹیمیں علاقے کے ترقیاتی امور کو اجاگر کرنے کے لیے وہاں موجود ہیں۔
