Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیگ میں سعودی سفارتخانہ پر فائرنگ دہشت گردی تھی

ہالینڈ میں سعودی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔(فوٹو العربیہ)
ڈچ پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ہیگ میں سعودی عرب کے سفارتخانے کی عمارت پر فائرنگ کا محرک  دہشتگردی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق  اے پی نیوز ایجنسی کے حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ سعودی سفارتخانے نے گزشتہ ہفتے ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے اور ہالینڈ میں اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ محتاط رہیں۔

ڈچ  وزارت خارجہ رابطے میں ہے اور حملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)

اس حادثے کے بعد اسی دن ایک 40 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جسے پیر کو تحقیقات کے لیے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ مجسٹریٹ نے ملزم کو تفتیش کے لئے مزید 14 روز تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ جمعرات کو  سعودی سفارتخانے پر کی جانے والی فائرنگ میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تھا تاہم سفارتخانے کی عمارت کے سامنے والے حصے اور کھڑکیوں میں گولیوں کے باعث سوراخ ہو گئے تھے۔
پراسیکیوٹر نے ایک بیان میں کہا کہ ملزم جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی مبینہ طور پر دہشتگردی کرنا چاہتا تھا۔

فائرنگ  کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے گا۔(فوٹو ای پی اے)

اس کا مقصد سفارتخانے کے ایک محافظ کو جان سے مارنے یا قتل و غارتگری کرنے اور بینالاقوامی تحفظ کے حامل شخص کی عمارت کو نقصان پہنچانا تھا۔
پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ملزم سفارتخانے پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتا تھا۔
ماضی میں بھی عمارت کو معمولی نقصان پہنچانے کے باعث ملزم پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

ایسا لگتا ہے ملزم سفارتخانے پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتا تھا۔(فوٹو الشرق الاوسط)

سعودی سفارتخانہ  نے گزشتہ ہفتے ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور ہالینڈ میں اپنے شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ محتاط رہیں۔
دوسری جانب ہالینڈ کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس حملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور سعودی حکام سے قریبی رابطے میں ہے۔
سعودی عرب نے حملے کے بعد فوری اقدامات کرنے پر ہالینڈ کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی تھی کہ اس فائرنگ  کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے گا۔
 

شیئر: