Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کو کورونا

نیوزی لینڈ  کے محکمہ صحت کی جانب سے آخری وارننگ بھی دے دی گئی ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)
دورہ نیوزی لینڈ پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے 54 رکنی سکواڈ میں سے چھ کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔  
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کرائسٹ چرچ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں چھ کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جن میں سے دو کھلاڑیوں پہلے بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں چار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔  
کھلاڑیوں کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ  کے محکمہ صحت کی جانب سے آخری وارننگ بھی دے دی گئی ہے۔ 

 

نیوزی لینڈ کےمحکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود سکواڈ میں شامل کچھ کھلاڑیوں کو سی سی ٹی وی کمیروں میں کورونا ایس او پیرز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔  
نیوزی لینڈ حکومت کی محکمہ صحت کی جانب سے سیریز کے لیے طے کیے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے باضابطہ خط بھی لکھا گیا ہے۔
اردو نیوز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نیوزی لینڈ پہنچنے پر سکواڈ میں موجود کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے سیریز کے لیے طے کیے گئے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی جس کے تحٹ کھلاڑیوں کو پہلے تین روز ہوٹل کے کمروں سے باہر آنے کی اجازت نہیں تھی جبکہ پروٹوکولز میں کھلاڑیوں پر ویٹرز سے کھانا لیتے ہوئے بھی ماسک پہنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔  
پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ ’پاکستان ٹیم 24 گھنٹے کا سفر کرنے کے بعد نیوزی لینڈ پہنچی اور ہوٹل پہنچنے پر کھلاڑیوں کی جانب سے پہلے 12 گھنٹے پروٹوکولز کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی ہے۔‘

’کھلاڑیوں نے ہوٹل پہنچنے پر ماسک کا استعمال نہیں کیا۔‘ (فوٹو: پی سی بی)

ذرائع کے مطابق ’کچھ کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے طے شدہ پروٹوکولز بھول بھی گئے تھے۔ کھلاڑیوں نے ہوٹل پہنچنے پر ماسک کا استعمال نہیں کیا جبکہ ہوٹل کی لابی میں چہل قدمی بھی کرتے نظر آئے لیکن یہ خلاف ورزی نیوزی لینڈ پہنچنے کے صرف پہلے 12 گھنٹے ہی نظر آئی ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ روانگی سے قبل چار کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے اور تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے تھے جبکہ فخر زمان کو بخار کے باعث سکواڈ سے ڈراپ کر دیا تھا اور بعد میں ان کا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔  
نیوزی لینڈ پہنچنے پر پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 14 روز تک آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جہاں ان کے تین بار کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔  
سکواڈ میں شامل چھ کھلاڑیوں کے کورنا ٹسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان ٹیم کی ٹریننگ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
چیف ایگزیکیٹو پی سی بی وسیم خان نے نیوزی لینڈ میں موجود قومی سکواڈ سے رابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ سکواڈ کے تمام اراکین اپنا خیال رکھیں۔
پی سی بی کے مطابق وسیم خان  نے کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے نام آڈیو پیغام بھیجا جس میں انہوں نے کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ یہ وقت مشکل ہے۔ وبا کے دوران سب سے زیادہ کرکٹ آپ نے کھیلی ہے۔ کورونا وائرس کے مقرہ پروٹوکولز کا مکمل خیال رکھیں۔‘
’میں صبح سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، یہ ٹور پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔‘

شیئر:

متعلقہ خبریں