Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام پر اسرائیل کا فضائی حملہ، ہلاک جنگجوؤں میں پاکستانی بھی شامل

اسرائیل کے فضائی حملوں میں شام میں ایران کی حامی ملیشیا کے 19 جنگجو ہلاک ہوئے (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیل کے فضائی حملوں میں جنگ سے متاثرہ مشرقی شام میں ایران کی حامی ملیشیا کے کم سے کم 19 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق شام  میں انسانی حقوق پر نظر رکھنے والی تنظیم سیرئین آبررویٹری نے جمعرات کو بتایا کہ صبح سویرے ہونے والے حملوں میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر صوبہ دیر الزور کے قصبے البو کمال کے باہر حملہ کیا گیا، جس میں زیادہ تر پاکستانی جنگجو ہلاک ہوگئے۔
شام کے سرکاری میڈیا نے اس حملے کی اطلاع نہیں دی اور اسرائیل نے انفرادی حملوں کا شاذ و نادر ہی اعتراف کیا ہے، لیکن سیرئین آبررویٹری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے سنیچر کے روز سے شام میں ایران کی حامی افواج کے خلاف کم سے کم دو فضائی حملے کیے ہیں۔
لندن میں قائم سیرئین آبررویٹری کے مطابق بدھ کے روز دمشق اور جنوبی شام میں ایران کے حمایت یافتہ آٹھ جنگجو ہلاک ہوئے۔ 
سیرئین آبررویٹری نے بتایا کی سنیچر کی رات، البو کمال کے قریب فضائی حملوں میں عراق اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایران کی حامی ملیشیا کے کم سے کم 14 جنگجو مارے گئے۔
یاد رہے کہ شام کی خانہ جنگی میں ایران، شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت کی حمایت کرتا ہے۔
اسرائیل نے یہ تازہ ترین حملہ اقوام متحدہ میں اپنے سفیر گیلاد اردان کی جانب سے سلامتی کونسل سے اس مطالبے کے فوری بعد کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایرانی افواج کو شام سے نکالنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سربراہ کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ 'اسرائیل ... شام کی سرزمین سے ایرانی فوج کے انفراسٹرکچر اور اس کی پراکسیز  کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔'

شام میں گذشتہ 9 برس کی خانہ جنگی کے دوران 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

سنہ 2011 میں شام میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے اس جنگ زدہ ملک پر سینکڑوں فضائی اور میزائل حملے کیے ہیں جن میں ایرانی اور لبنانی حزب اللہ کی فوجوں کے ساتھ ساتھ شام کی سرکاری فوجوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یاد رہے کہ شام میں گذشتہ 9 برس کی خانہ جنگی کے دوران 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں