Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان میں خاتون کا پہاڑی ’مہمان خانہ‘

الدائر کمشنری میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے (فوٹو، العربیہ نیٹ)
سعودی خاتون سارہ المالکی نے جازان ریجن کی الدائر کمشنری میں پہاڑی دیہی مہمان خانہ قائم کر دیا۔
جازان سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے ۔مسافر خانہ ’نُوزل‘ ایک پہاڑ کے اوپر بنایا گیا ہے جہاں سے آس پاس کے سارے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں ۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سارہ المالکی نے کہا کہ ان کے ذہن میں دیہی مسافر خانے کا خیال کئی مہینے پہلے آیا تھا ۔ تب سے وہ اس پر کام کر رہی ہیں ۔

انواع واقسام کے پھل دار پودے لگائے گئے ہیں(فوٹو، العربیہ)

ایک پوری ٹیم اسے بہتر سے بہتر شکل میں منظر عام پر لانے کےلیے کوشاں ہے ۔  
سارہ المالکی نے بتایا کہ الدائر کمشنری میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے ۔ یہ قریے ، زرعی فارم اور دیہی سیر و تفریح کا مجموعہ ہو گا ۔  
ہم چاہتے ہیں کہ شائقین کو یہاں رہائش اور زرعی فارم کے ماحول سے لطف اٹھانے کا موقع ملے ۔سارہ المالکی نے توجہ دلائی کہ اس پروگرام میں کمشنری کے ایسے نوجوانوں اور پیداواری خاندانوں کو شریک کیا جا رہا ہے جو سیاحت اور ٹرانسپورٹ سے منسلک ہیں ۔ یہ لوگ جازان میں سیاحوں کو سیاحتی مقامات پر لاتے جاتے رہتے ہیں ۔ الدائر میں بھی ان کی سرگرمیاں ہیں ۔ 
سارہ المالکی نے بتایا کہ اب تک وہ مختلف قسم کے 15 سو پودے لگا چکے ہیں جن میں کافی ، آم ، پپیتا وغیرہ  شامل ہیں ۔ 
المالکی نے کہا کہ ہمارے پروگرام میں اور بھی کئی چیزیں شامل ہیں مثلاً یہاں ہم ایک عجائب گھر ، چڑیوں کا محفوظ جنگل ، شہد کے چھتے وغیرہ بھی لگائیں گے ۔

مستقبل میں بہترین سیاحتی مقام کے طور پرجانا جائے گا(فوٹو، العربیہ نیٹ)

پروگرام کی تکیمل کے بعد یہاں آنے والے سیاح دیہی ماحول میں اپنی زندگی کے خوبصورت ایام گزار سکیں گے ۔ انہیں شجرکاری کے مواقع بھی دیے جائیں گے ۔ پھل توڑنے اور شہد کے چھتے سے براہ راست پسندیدہ شہد حاصل کرنے اور عجائب گھر میں گھومنے پھرنے کی سہولت بھی ہو گی ۔ 

شیئر: