Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی کا البانیہ کے لیے 7 کروڑ ڈالر کا ترقیاتی فنڈ

ابوظبی البانیہ کو مختلف منصوبوں کے لئے 119 ملین ڈالر دے چکا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
ابوظبی کے فنڈ برائے ترقیات نے البانیہ میں 2000 رہائشی یونٹس کی تعمیر کے لئے 7کروڑ ڈالر کی گرانٹ منظور کر لی ہے ۔
عرب نیوز کے مطابق  شہری علاقوں کی  تعمیر کا  یہ پروگرام ملک کے اہم تجارتی مرکزدورس کاؤنٹی میں شروع کیاجا رہا ہے ۔
اس علاقے میں حالیہ زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی تھی۔

کورونا سے متاثر اقتصادی بحالی کے لیے یہ مالی مدد انتہائی اہم ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

درس کاؤنٹی البانیہ کا دوسرا  سب سے بڑا شہر ہے۔ یہاں دورس بندرگاہ بھی موجود ہے۔ یہ بندرگارہ سمندر کے راستے نقل و حمل، جہاز رانی  اور  رسد کا بڑا مرکز ہے جو البانیہ کو مغربی یورپ سے مربوط کرتی ہے۔
دورس کے علاقے میں 2019 میں زلزلہ آیا تھا جو خطے میں گزشتہ 30 برس سے زائد عرصے کے دوران آنیوالا سب سے شدید زلزلہ تھا۔
اس کے چند ماہ بعد ہی کورونا کی عالمی وبا نے اسے اپنے نرغے میں لے لیا تھا۔

البانیہ کے لیے یہ ترقیاتی منصوبہ ابوظبی فنڈ برائے ترقی کی اہم اقدار کی نمائندگی کرتا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

ابوظبی کے فنڈ برائے ترقیات کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبہ حقیقی معنوں میں ابو ظبی فنڈ برائے ترقی اور متحدہ عرب امارات کی اہم اقدار کی نمائندگی کرتا ہے۔
اس سے لوگوں کو محفوظ اور ارزاں رہائش فراہم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ منصوبہ اقوام متحدہ کے دیرپا ترقیاتی اہداف کے مطابق ایک ایسے ملک کی مثبت اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو رہا ہے جو طویل مدتی اسٹراٹیجک عالمی شراکت دار ہے۔

البانیہ کی دورس بندرگاہ اسے مغربی یورپ سے مربوط کرتی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

السویدی نے البانیہ کے وزیر مملکت برائے شہری تعمیرات احمتاج کے ساتھ مالیاتی معاہدے پر دستخط کئےہیں۔
اس موقع پر احمتاج نے کہا کہ ہمارا ملک کورونا کی عالمی وبا سے متاثر ہوا ہے اور یہ منصوبہ ہماری اقتصادی بحالی کی رفتار کو تیز تر کرنے میں مدد دے گا۔
واضح رہے کہ ابوظبی کے فنڈ برائے ترقیات2011 کے بعد سے البانیہ کو مختلف منصوبوں کے لئے 119 ملین ڈالر دے چکا ہے۔
 

شیئر: