Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمشق سے داعش کے سینیئر رہنما کو گرفتار کر لیا گیا: شام

شامی حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی اتحاد کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں دمشق سے داعش کے سینیئر عہدیدار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
شامی حکام نے بدھ کے روز بتایا کہ امریکی قیادت میں قائم بین الاقوامی اتحاد کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں دمشق کے علاقے سے داعش کے ایک سینیئر عہدیدار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے شام کی سرکاری خبر رساں ادارے سانا کے  حوالے سے رپوٹ کیا ہے کہ جنرل احمد الدلاتی نے بتایا کہ طہٰ الزوبی، جو ابو عمر طبیہ کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں اور دمشق میں داعش کے رہنما سمجھے جاتے تھے، کو ان کے کئی ساتھیوں سمیت حراست میں لیا گیا۔
یہ گرفتاری 13 دسمبر کو ہونے والے اس حملے کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد عمل میں آئی ہے، جس میں وسطی شام کے شہر پالمیرا میں دو امریکی فوجی اور ایک امریکی شہری ہلاک ہوئے تھے۔ واشنگٹن کے مطابق یہ حملہ داعش کے ایک مسلح کارکن نے کیا تھا۔
جنرل الدلاتی نے کہا کہ ’ہماری خصوصی یونٹس نے جنرل انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ اور بین الاقوامی اتحاد کی افواج کے تعاون سے داعش کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بناتے ہوئے ایک نہایت درست سکیورٹی کارروائی انجام دی۔‘
20 دسمبر کو شام پر نظر رکھنے والے ایک ادارے نے بتایا تھا کہ 13 دسمبر کے حملے کے جواب میں امریکی حملوں میں داعش کے پانچ ارکان مارے گئے تھے۔
یہ واقعہ گزشتہ دسمبر کو طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والے بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔ شامی حکام کے مطابق حملہ آور سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار تھا، جسے اس کے ’انتہا پسند اسلامی نظریات کی وجہ سے برطرف کیا جانا تھا۔

شیئر: