Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جب میں سنچریاں بناتا تھا تب تم پیدا بھی نہیں ہوئے تھے‘

آج کل لنکن پریمیئر لیگ کے تحت مختلف ٹیموں کے درمیان میچ ہو رہے ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا
ہونٹوں پہ ہنسی سے ماتھے پر بل تک کا دورانیہ چند ہی سیکنڈ پر مشتمل تھا لیکن قیامت کی نظر رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین کی آنکھ سے نہ بچ سکا۔
شاہد آفریدی ایک بار پھر ٹویٹس میں گھرے ہیں، کوئی طنز کر رہا ہے تو کوئی ساتھ دے رہا ہے اور صورت حال وہاں تک گئی کہ لالہ کو خود ہی میدان میں آنا پڑا اور وضاحتی ٹویٹ بھی کر ڈالی۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا ’نوجوان کھلاڑی کے لیے میری ہدایت سادہ تھی، کھیلیں اور نامناسب الفاظ کے استعمال میں مت پڑیں۔ افغانستان کی ٹیم میں میرے دوست ہیں اور ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ اپنی ٹیموں کی ساتھیوں اور حریفوں کے لیے احترام رکھنا گیم کی سپرٹ ہے۔‘
اسی طرح فارایور افریدین نے اسی ویڈیو کلپ کو شیئر کیا اور ساتھ لکھا
’کبھی باس سے الجھیں مت، ایک بار پھر یاد دلاتا ہوں‘
منگل کو لنکن پریمیئر لیگ کے میچ میں شاہد آفریدی کی ٹیم گال گلیڈی ایٹرز کو کینڈی ٹکسرز کی ٹیم سے شکست ہوئی اور آخری اوور افغانستان سے تعلق رکھنے والے بولر نوین الحق نے کروایا۔
ان کا سامنا کرنے والے محمد عامر گیند کھیلنے میں ناکام رہتے تو افغانی بولر ان پر طنزیہ جملے کستے جو شاید شاہد آفریدی کو اچھا نہیں لگا، میچ ختم ہونے پر جب کھلاڑی مصافحہ کر رہے تھے اور نوین شاہد آفریدی کے سامنے آئے تو انہوں نے کھلاڑی سے کچھ کہا تاہم انداز کچھ سخت تھا۔
اگرچہ اس ویڈیو کلپ کی آواز سنائی نہیں دیتی تاہم بعض صارفین کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ ’جب میں سنچریاں بناتا تھا اس وقت تم پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔‘
یہ کلپ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا اور سکائی سپورٹس کرکٹ کے اکاؤنٹ اس کو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’مسکراہٹ کے بعد غصے کا اظہار، محمد عامر کے ساتھ تکرار پر شاہد آفریدی ناخوش۔‘
اس ٹویٹ پر صارفین کی جانب سے تبصرے رکنے کا نام نہیں لے رہے جس میں مروہ افغانے نامی صارف نے شاہد آفریدی کی صفر کے آؤٹ ہونے کے تناظر میں لکھا کہ ’انڈا کنگ بوم بوم گل خان‘۔
محمد حسن نے آفریدی سٹائل میں بنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بوم بوم سٹائل، لالہ براہ مہربانی اس تصویر کو ضرور دیکھنا‘
شیزی مغل نے شاہد آفریدی کی غصے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آفریدی کی کِلنگ لُک۔‘
انس خان نے شاہد آفریدی کو پشتو میں جواب دیا کہ ’بچے ہیں وقت کے ساتھ ساتھ سمجھ جائیں گے۔‘
 
 

شیئر: