Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد آفریدی نے مشفیق الرحیم کا بیٹ کیوں خریدا؟

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفیق الرحیم نے کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کے لیے اپنے یادگار بیٹ کی آن لائن نیلامی کی لیکن بعد ازاں جعلی آفرز کی وجہ سے اس نیلامی کو منسوخ کر دیا گیا۔
تاہم پاکستانی سٹار شاہد آفریدی نے بنگلہ دیشی کھلاڑی سے رابطہ کر کے ان کا بیٹ 20 ہزار ڈالرز میں خرید لیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مشفیق الرحیم نے اس بیٹ سے 2013 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے لیے پہلی ڈبل سنچری سکور کی تھی۔
مشفیق الرحیم کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو یہ نیلامی منسوخ کرنا پڑی کیونکہ جعلی آفرز کی وجہ سے بیٹ کی قیمت 50 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔
مشفیق نے کہا کہ ’آفریدی نے خود میرے ساتھ رابطہ کیا اور میں نے انہیں نیلامی کا لنک بھیجا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’13 مئی کو شاہد آفریدی نے مجھے ایک خط بھیجا اور 20 ہزار ڈالرز کی آفر کی۔ انہوں نے اس رقم میں میرا بیٹ خرید لیا۔ میں بہت فخر محسوس کر رہا ہوں۔‘
مشفیق الرحیم کی مینیجمنٹ فرم نے کہا ہے کہ یہ رقم فلاحی کام کرنے والی ایک تنظیم کو دی جائے گی اور اس سے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کی جائے گی۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: