Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرنطینہ کی مدت 14دن سے کم کرنے کی سفارش

کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے 14 دن قرنطینہ میں گزارنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ فوٹو: ان سپلیش
امریکہ میں بیماریوں سے بچاؤ اور تحفظ کے مرکز نے کورونا وائرس کے حوالے سے نئی سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبا سے متاثرہ افراد کو قرنطینہ میں چودہ دن گزارنے کی ضرورت نہیں ہے۔
امریکی ادارے (سی ڈی سی) کی نئی سفارشات کے مطابق وبا سے متاثرہ افراد کے لیے قرنطینہ میں سات سے دس دن گزارنا کافی ہیں۔
امریکی محکمہ صحت کے ایک عہدیدار کے مطابق ادارے نے کورونا وائرس سے متعلق نئی سفارشات وائرس کے انکیوبیشن کے دورانیے کا جائزہ لینے کے بعد پیش کی ہیں۔ انکیوبیشن دورانیے سے مراد وہ عرصہ ہے جب وائرس کے جراثیم سے متاثر ہونے کے بعد اس کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
محکمہ صحت کے عہدیدار نے انکشاف کیا کہ وائرس کے انکیوبیشن دورانیے کے مطالعے کے تناظر میں امریکی انتظامیہ نے قرنطینہ سے متعلق پالیسی تبدیل کرنے پرغور کیا گیا ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق ویسے تو وائرس کا انکیوبیشن دورانیہ 14 دن ہے لیکن اکثر افراد میں وائرس سے متاثر ہونے کے چار سے پانچ دنوں کے درمیان علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے کم از کم 14 دن تک قرنطینہ میں رہنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اس سے قبل بیماریوں سے بچاؤ اور تحفظ کے امریکی مرکز نے کورونا وائرس سے شکار ہونے والے افراد کے لیے 14 دن قرنطینہ میں گزارنا لازمی قرار دیا تھا۔ 

نئی سفارشات کے مطابق قرنطینہ میں 7 سے 10 دن گزارنا کافی ہیں۔ فوٹو: ان سپلیش

بیماریوں سے بچاؤ اور تحفظ کے امریکی مرکز کی جانب سے یہ سفارشات ایسے موقع پر پیش کی گئی ہیں جب امریکہ کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس شدت اختیار کر چکا ہے۔ 
یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکی مرکز سی ڈی سی نے کورونا وائرس سے متعلق نئی سفارشات پیش کی ہیں۔ اس سے قبل سی ڈی سے نے کہا تھا کہ کورونا سے متاثرہ شخص میں وائرس کی علامات کم ہونے کی صورت میں قرنطینہ کی مدت 14 دن سے کم کر کہ 10 دن تک محدود کی جا سکتی ہے۔ 

شیئر: