Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: قرنطینہ ضوابط کی خلاف ورزی پر 13 ہزار ڈالر جرمانہ ہوگا

امارات واپس آنے والوں کو سات سے چودہ دن کے لیے قرنطینہ میں گزارنا ہوگا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ بیرون ممالک سے لوٹنے والوں کو قرنطینہ کے احکامات کی خلاف ورزی پر جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بیرون ملک سے واپس آنے والوں کے لیے قرنطینہ کے اصول وضع کیے ہیں جن کی خلاف ورزی پر 13 ہزار 600 ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
اس سے قبل حکومت نے اعلان کیا تھا کہ سفر پر عائد پابندیوں میں نرمی کی جائے گی اور یکم اگست سے ایئر لائنز کے آپریشن بحال ہو جائیں گے۔
امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ  ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے کہا ہے کہ امارات  واپس آنے والے کورونا پر جاری کی گئی وفاقی اور مقامی ہدایات پر عمل کریں، جن میں خود کو قرنطینہ کرنا اور ٹیسٹ کروانا شامل ہے۔
ہدایات کے مطابق کم خطرے والے ممالک سے واپس آنے والوں کو سات دن کے لیے خود کو قرنطینہ کرنا ہوگا، جبکہ زیادہ خطرے والے ممالک سے آنے والوں کے لیے چودہ دن آئسولیشن میں رہنا ضروری ہے۔
این سی ای ایم اے کے مطابق ان افراد کو کورونا کے حوالے سے تمام طبی اخراجات خود اٹھانا ہوں گے۔
جو افراد ابوظبی میں داخل ہونے کے لیے جلد کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروانا چاہتے ہیں، انہیں ویب سائٹ کے ذریعے ٹیسٹ کے لیے بکنگ کروانا پڑے گی۔
ابو ظبی کی ایمرجنسی، کرائسز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا ہے کہ زیادہ طلب کی وجہ سے پہلے سے بکنگ کروانا ضروری ہے۔

شیئر: