’وہ عام سے لوگ تھے‘، سڈنی کے حملہ آور باپ بیٹے کے بارے میں پڑوسیوں کیا کہتے ہیں؟
’وہ عام سے لوگ تھے‘، سڈنی کے حملہ آور باپ بیٹے کے بارے میں پڑوسیوں کیا کہتے ہیں؟
پیر 15 دسمبر 2025 12:30
آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کر کے 15 افراد کو قتل کرنے والے باپ بیٹے کے بارے میں اُن کے پڑوسیوں نے کہا ہے کہ وہ عام سے لوگ تھے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق سڈنی میں بہت سے لوگوں کی طرح گلین نیلسن نے اتوار کی شام شہر ٹیلی ویژن پر مشہور بونڈائی بیچ پر مہلک فائرنگ کی خبریں دیکھتے ہوئے گزاری۔
لیکن جب وہ گھر سے باہر نکلے تو اپنے سامنے کے پورچ پر قدم رکھتے ہوئے انہوں نے مسلح پولیس اہلکاروں کو سڑک پر قریبی گھر کو گھیرے میں لیے ہوئے اور پھر اس پر چھاپہ مارتے دیکھا۔
یہ ان دو حملہ آوروں کا گھر تھا جن پر الزام ہے کہ انھوں نے آسٹریلیا میں دہائیوں میں ہونے والی بدترین کارروائی میں 15 افراد کو ہلاک کیا۔
گلین نیلسن نے روئٹرز کو بتایا کہ ’میں نے سوچا، 'ٹھیک ہے، میں صبح باقی چیزوں کا معلوم کر لوں گا۔ اگلی صبح سامنے کے دروازے سے یہ سب دیکھا۔‘
نیلسن اور دیگر پڑوسیوں نے بتایا کہ سڑک کے اس پار رہنے والے خاندان نے اپنے آپ کو خود تک محدود رکھا ہوا تھا جیسا کہ بونیرگ کے اس مضافاتی علاقے زیادہ تر لوگوں کا چال چلن ہے۔ یہ ایک محنت کش طبقے کا رہائشی علاقہ ہے جس میں نسلی طور پر متنوع آبادی رہتی ہے۔ یہ سڈنی شہر کے کاروباری مرکز سے تقریبا 36 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
’وہ عام سے لوگ ہیں‘
سڈنی میں فائرنگ کے واقعے سے قبل اس علاقے کے بارے میں کچھ زیادہ خبریں نہ تھیں اور یہ بھی دیگر بہت سے علاقوں کی طرح ایک عام سی رہائشی بستی ہے۔
لیکن اب سڈنی کے مغرب کی اس مضافاتی آبادی کا نام ہر طرف لیا جا رہا ہے۔
حملہ آوروں کے گھر کے سامنے والی عمارت میں رہائش پذیر 66 سالہ لیمانتوا فاتو نے بتایا کہ ’میں عام طور پر اس گھر سے مرد، خاتون اور اُن کے بیٹے کو آتے جاتے دیکھتی تھی۔‘
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور پھول رکھے۔ فوٹو: اے ایف پی
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک خاموش اور پرسکون علاقہ ہے، اور لوگ اپنے کام سے کام رکھتے ہیں، اب تک ہر ایک یہی کر رہا ہے۔‘
اس علاقے میں ویتنامی اور چینی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔ سرکاری ڈیٹا کے مطابق یہاں بہت سے ایسے لوگ بھی آباد ہیں جو عراق، کمبوڈیا اور لاؤس میں پیدا ہوئے۔
بونیرگ کے اس قصبے کے مرکز میں ایک شاپنگ مال ہے جس کے ساتھ بہت بڑی کار پارکنگ ہے۔ اس کے قریب ایک مسجد، بدھ مذہب کے ماننے والوں کی ایک عبادت گاہ اور متعدد گرجا گھر واقع ہیں۔