Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

12 ہزار ہیرے جڑی ’میری گولڈ، کامیابی کی انگوٹھی‘ گنیز بک میں

انگوٹھی میں 12 ہزار 638 چھوٹے چھوٹے ہیرے نصب ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
انڈین جیولر کی 12 ہزار سے زائد ہیروں سے بنی ہوئی انگوٹھی کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق میری گولڈ کے نام سے پہچانی جانے والی انگوٹھی میں 12 ہزار 638 چھوٹے چھوٹے ہیرے نصب ہیں۔
اس نایاب انگھوٹی کا مکمل نام ’میری گولڈ، کامیابی کی انگوٹھی‘ ہے جس کا وزن 165 گرام سے کچھ زیادہ ہے۔
میری گولڈ پھول کی شکل میں بنی ہوئی اس انگھوٹی کی ہر پنکھڑی کو انوکھے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔
میری گولڈ کے 25 سالہ ڈیزائنر ہاریش بنسل کے مطابق ایسی انگوٹھی بنانا ان کا خواب تھا، اور وہ اس انمول انگوٹھی کو بیچنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
ہاریش بنسل نے اے ایے ایف پی کو بتایا کہ انہیں میری گولڈ انگوٹھی ڈیزائن کرنے کا خیال دو سال پہلے آیا تھا جب وہ انڈیا کے مغربی شہر سورت میں جیولری ڈیزائنگ کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ انڈیا میں ریاست گجرات کے شہر سورت کو ہیروں کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔
ہاریش بنسل نے بتایا کہ ان کا ہدف ہمیشہ سے  10 ہزار سے زیادہ ہیرے نصب کرنے کا تھا۔ بہت سے ڈیزائن بنانے اور مسترد کرنے کے بعد ہاریش بنسل نے ’میری گولڈ‘ کے ڈیزائن کو حتمی شکل دی۔
ہاریش کا کہنا ہے کہ وہ ممکنہ خریداروں کو انگوٹھی بیچنے سے انکار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’یہ ہمارے لیے فخر کا موقع ہے اس کی کوئی قیمت نہیں لگائی جا سکتی۔‘
اس سے پہلے بھی انڈیا سے ہی ایک انگوٹھی گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنی تھی جس میں 7 ہزار 801 ہیرے جڑے ہوئے تھے۔

شیئر: