Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: پُراسرار بیماری کے سبب سینکڑوں افراد ہسپتال میں داخل

ریاست کے وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں اچھی کوالٹی کے کھانے کی فراہمی کی ہدایت کی۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیاکی جنوبی ریاست آندھر پردیش میں ایک پراسرار بیماری کے سبب سینکڑوں افراد کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جن میں سے کم از کم ایک کی موت ہو گئی ہے۔
آندھر پردیش کے ایلورو شہر میں اچانک سینکڑوں افراد کو قے، بیہوشی اور مرگی کے دورے کی شکایت ہونے لگی اور سنیچر کی رات سے مریضوں کی ہسپتال آمد بڑھ گئی۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق پیر کو آندھر پردیش کے وزیراعلیٰ وائی ایس جگموہن ریڈی نے ایلورو کے سرکاری ہسپتال کا دورہ کیا ہے اور مریضوں سے ملاقات کے دوران تمام تر طبی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

ادھر سابق وزیراعلیٰ این چندر بابو نائیڈو نے اسے طبی ایمرجنسی قرار دے کر فوری انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹویٹس میں انھوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا ہے کہ 'ایلورو کے پانی میں آلودگی کی وجہ سے آندھر پردیش میں ہیلتھ ایمرجنسی کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔'
اس سے قبل ضلع کے کلکٹر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم 340 افراد اس بیماری کی زد میں آئے جن میں سے اب بھی 157 کا علاج کیا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک شخص کی موت ہو گئی ہے جبکہ 168 افراد کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 56 ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اس بیماری کے بارے میں پتہ لگا رہی ہے جس میں کچھ سپیشلسٹ ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس علاقے کے 50 ہزار سے زیادہ گھروں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ بیماری کا پتہ چل سکے۔

وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں اچھی کوالٹی کے کھانے کی فراہمی کی ہدایت کی۔ چیف میڈیکل افسر کے مطابق یہ بیماری صرف ایلورو کے شہری علاقوں تک ہی محدود نہیں بلکہ دیہی علاقوں سے بھی اس کی اطلاع ملی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی جانچ کی گئی اور تمام رپورٹس نارمل آئی ہیں۔
واضح رہے کہ ریاست آندھر پردیش انڈیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کی زد میں آنے والی ریاستوں میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں آٹھ لاکھ سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔

شیئر: