Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’واٹ ‘ خلاف ورزی پر 500 اداروں کا چالان

تفتیشی ٹیموں نے ایک ہفتے میں مارکیٹوں کے 3 ہزار سے زائد دورے کیے(فوٹو، ٹوئٹر)
زکوۃ وٹیکس کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مملکت کی سطح پرایک ہفتے کے دوران تفتیشی ٹیموں نے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (واٹ) کی مد میں 510 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے اتھارٹی کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت میں یکم جولائی سے ’واٹ‘ 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیاجاچکا ہے۔ اس بارے میں تمام تجارتی اداروں کو متعدد بار متنبہ بھی کیا گیا ہے کہ ’واٹ‘ کی ادائیگی میں کسی قسم کے ہیرا پھیری سے کام نہ لیاجائے۔
اتھارٹی کی جانب سے ’واٹ‘ کی وصولی کا طریقہ کارواضح ہے جس کےلیے وہ تمام ادارے جو اس سسٹم میں رجسٹرڈ ہیں وہ اس امر کے پابند ہیں کہ مقررہ تناسب سے ’واٹ‘ ادا کریں۔
ویلیوایڈیڈ ٹیکس کی ادائیگی میں گڑبڑ کرنے والوں کے خلاف سخت سزائیں مقرر ہیں۔

رسید پر ’واٹ‘ سیریل نمبر درج کرنا لازمی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

ادارہ ٹیکس کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف شہروں اور قصبوں میں مارکیٹوں، دکانوں ، ہوٹلوں اور دیگر تجارتی شعبوں کے 3 ہزار 616 تفتیشی دورے کیے جن میں 510 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
اس ضمن میں تفتیشی ٹیم کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ نوٹ کی جانےوالی خلاف ورزیوں میں رسیدوں پر واٹ نمبر کا اندراج نہ ہونا  جبکہ تمباکو کی مصنوعات پر واٹ کی مخصوص نشاندہی نہ کیے جانےکے علاوہ ہوٹلوں کی رسیدوں پر بھی واٹ سیریل نمبر درج نہیں کیا گیا ۔
ذمہ دار نے مزید بتایا کہ بیشترچالان صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پرکیے گئے جن کی تعداد 293 تھی۔
ٹیکس کی جنرل اتھارٹی نے توجہ دلائی ہے کہ تجارتی ادارے ہر صورت میں ویلیوایڈیڈ ٹیکس ادا کرنے کے پابند ہیں۔ وہ ادارے جو ٹیکس کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں انکے بارے میں اطلاع دینے والوں کو انعام کے طورپر کیے جانے والے جرمانے کی رقم میں سے ڈھائی فیصد ادا کیاجائے گا۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ صارفین کسی بھی خریداری کے وقت واٹ سیریل نمر ضرور دیکھیں ۔ خریداری کی رسید پر سیریل نمبر نہ ہونے کی صورت میں اتھارٹی کے متعلقہ شعبے میں رپورٹ درج کرائی جاسکتی ہے۔

شیئر: