Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شیخ صاحب اپوزیشن کی تمام دُکھتی رگیں جانتے ہیں‘

وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے سے قبل شیخ رشید ریلوے کے وزیر تھے (ویڈیو گریب)
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنی کابینہ میں تبدیلی کی تو متعدد قلمدانوں میں ردوبدل کیا گیا تاہم وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے والے شیخ رشید کا ذکر دیگر سبھی پر بازی لے گیا۔
پاکستان کے روایتی میڈیا نے وزیرریلوے کو وزیرداخلہ بنانے کی خبر کو نمایاں کوریج دی تو ڈیجیٹل میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اس کے صارفین بھی پیچھے نہ رہے۔
وزارت کی تبدیلی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی شیخ رشید نے ایک پریس کانفرنس کی اور کچھ دیر بعد دوسری پریس کانفرنس کا اعلان کیا، ٹی وی چینلز نے اسے نمایاں کوریج دی تو مائکروبلاگنگ ویب سائٹس کے صارفین بھی شیخ رشید کے نام پر تین سے زائد ٹرینڈ بنا گئے۔
سوشل میڈیا صارفین نے شیخ رشید کو کہیں نیا منصب ملنے پر مبارکباد دی تو حکومت کے مخالفین کو خبردار کیا اور کہیں وزیراعظم کے ماضی میں شیخ رشید سے متعلق دیے گئے بیانات کے اقتباسات اور ویڈیو کلپس شیئر کیے جاتے رہے۔
 

شیخ رشید کو نیا عہدہ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے والے صارفین میں سے کچھ ایسے بھی تھے جو سیاسی مخالفین باالخصوص ن لیگی ورکز کو ’اب بچو‘ کی تنبیہہ کرتے رہے۔

شیخ رشید کو وزارت داخلہ کا قلمدان ملنے نے پاکستان میں تو مبصرین اور سیاست میں دلچسپی لینے کو متوجہ کیا ہی، پڑوسی ملک انڈیا میں بھی ان دلچسپیوں کے حامل افراد اسے نظرانداز نہ کر سکے۔ انڈین سوشل میڈیا صارفین نے نئی تقرری کو اپنے اپنے انداز سے دیکھا تو مختف جانب سے ان کے ماضی کے بیانات کا ذکر کرتے ہوئے تبصرے کیے گئے۔
 

وزیراعظم کے اس فیصلے کو کامیاب قرار دینے والوں نے جذبات کے اظہار کے لیے کرکٹ کی اصطلاحات کا ذکر کیا تو اسے ’فائنل سے قبل کا ماسٹر سٹروک‘ قرار دیا اور شیخ رشید کو ایک تجربہ کار، انفارم کھلاڑی تسلیم کیا۔
 

عنایہ خان ان صارفین میں شامل رہیں جو وزیراعظم عمران خان اور شیخ رشید کے ماضی کے ٹیلی ویژن انٹرویو کے ویڈیو کلپس شیئر کرتے رہے۔
 
کاظم بخاری نامی صارف نے شیخ رشید کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’بہترین انتخاب کیا ہے وزیراعظم صاحب نے، شیخ صاحب اپوزیشن کی تمام دکھتی رگیں جانتے ہیں۔‘

خود بھی سوشل میڈیا پر فعال رہنے والے شیخ رشید نے نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اپنے ایجنڈے اور ترجیحات کا ذکر کے لیے یوٹیوب کا انتخاب کیا تو اپنی گفتگو کی ویڈیو کا لنک ٹوئٹر صارفین سے بھی شیئر کیا۔

شیخ رشید کی تقرری کے ساتھ ہی ان کے لیے استعمال ہونے والے القابات، ’پنڈی بوائے‘، ’مرشد‘ بھی ٹائم لائنز پر نمایاں رہے۔ سیاسی مخالفین نے ان کی تقرری کو اپوزیشن جماعتوں کے خلاف حکومتی اقدام قرار دیا تو حکومتی حامی اور شیخ رشید کو پسند کرنے والے ان کے نئے کردار سے متعلق خوشی کا اظہار کرتے رہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: