Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محکمہ کسٹم کی کارروائی، نشہ آور گولیوں کی بڑی کھیپ پکڑلی

منشیات کو بڑی مہارت سے چھپایا گیا تھا( فوٹو سعودی کسٹم)
 سعودی کسٹم نے بیرون ملک سے نشہ آورگولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ نشہ آورگولیاں ترکی سے آنے والے سامان میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھیں۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کسٹم  اہلکاروں نے نشہ آورگولیاں سمگل کرنے کے الزام میں ایک سعودی اور 2 شامی باشندوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ 

ایک سعودی اور 2 شامی باشندوں کو حراست میں لیا گیا ( فوٹو سعودی کسٹم)

محکمہ کسٹم کا کہنا ہے کہ ضبط کی جانے والی نشہ آورگولیاں 80 لاکھ سے زائد تھیں جو سامان کی شپمنٹ میں چھپا کر مملکت اسمگل کی جارہی تھیں۔ 
سعودی کسٹم اتھارٹی کے سیکرٹری برائے سیکیورٹی محمد النعیم کا کہنا تھا کہ کسٹم اہلکاروں نے سامان کے درمیان چھپائی گئی منشیات کی کھیپ کو تلاش کرلیا جو چھوٹی چھوٹی پلاسٹک کی تھیلیوں میں بھر کرچھپائی گئی تھی۔ 
سیکرٹری محمد النعیم نے مزید بتایا کہ منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں ایک سعودی اور 2 شامی باشندوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو کسٹم سے سامان نکالنے کی کوشش کررہے تھے۔ 
محکمہ کسٹم کا کہنا تھا کہ سعودی کسٹم کے اہلکار اپنے فرائض سے بخوبی واقف ہیں اور وہ سمگلروں کی چالوں سے بھی بخوبی واقف ہیں۔ 
محکمہ کسٹم نے ضبط کی جانے والی منشیات کی کھیپ اور سمگلروں کو محکمہ انسداد منشیات کے حوالے کردیا جہاں ان سےمزید تحقیقات کے بعد مقدمہ عدالت میں بھیجا جائے گا۔ 
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: