Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لندن فلائٹس بند کردیں، وزیر داخلہ کی درخواست

یورپی ممالک سمیت دیگر ممالک نے بھی برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سے درخواست کی ہے کہ کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلنے والی قسم سے بچاؤ کے لیے "لندن کی فلائٹس" بند کر دیں۔  
انھوں نے یہ بات پیر کو اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفگتو کرتے ہوئے کہی۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے اور اس کی خطرناک شکل سامنے آنے کے باجود پاکستان سے برطانیہ کے لیے پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ برطانیہ کے لیے پاکستان سے چلائی جانے والی پروازوں کے لیے ابھی کوئی نئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی اور پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے پھیلاؤ اور خطرناک حد تک اضافے کے بعد یورپ کے بیشتر ممالک نے برطانیہ کے لیے سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
یورپی ممالک نیدر لینڈ، بیجلجئم، اٹلی، آسٹریا اور جرمنی نے سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے برطانیہ کے لیے تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ کویت اور کینیڈا نے بھی برطانیہ کے لیے سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔
پاکستان سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ’پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی پی آئی اے کی پروازوں پر یورپی سیفٹی ایجنسی نے پابندی عائد کی ہوئی ہے جبکہ برٹش ائیر لائنز، ورجن اٹلانٹک اور ایمریٹس کی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔‘
سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے جب سفری پابندیاں عائد ہوں گی تو پاکستان سے بھی برطانیہ سے پروازیں معطل ہو جائیں گی، پاکستان نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
 

برٹش ایئر ویز کی سروس حال ہی میں پاکستان کے لیے شروع ہوئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

سول ایوی ایشن ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری عبدالستار کھوکھر سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پروازوں پر پابندی عائد کرنے یا اٹھانے کا فیصلہ این سی او سی کا اختیار ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اس فیصلے پر عملدرآمد کروائے گا، تاحال این سی او سی نے اس حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں کیے۔
ادھر ترجمان پی آئی اے عبد اللہ خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان سے برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی ہفتے میں ایک پرواز مانچسٹر کے لیے شیڈول ہے اور آئندہ ہفتے مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا تاحال سول ایوی ایشن کی جانب سے برطانیہ کے لیے پروازیں پر پابندی کے کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے۔

سول ایوی ایشن کے مطابق برطانیہ کی جانب سےسفری پابندیاں عائد ہونے کے بعد پروازیں معطل ہو جائیں گی (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ برطانوی وزیر صحت نے کورنا وائرس کی نئی لہر کو بے قابو قرار دیا ہے۔
برطانیہ میں سائنسدان کورونا وائرس کی اس نئی شکل کا مطالعہ کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا ویکسین کی مدد سے اس سے بچا جا سکتا ہے۔ اس کا حتمی نتیجہ آنے میں کم از کم دو ہفتے لگیں گے تاہم سائنسدان پر امید ہیں۔

شیئر: