Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی میں سکول واپسی پر طلبہ کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی

محکمہ تعلیم نے اسکولوں کے معائنہ کے لیے دوروں کو تیز کرنے پر زور دیا ہے‘ ( فوٹو: البیان)
محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ ایسے طلبہ جن کی عمریں بارہ سال سے زیادہ ہیں اور وہ اگلے سمسٹر سے سکولز کے اندر کلاسیں پڑھنے کے خواہش مند ہیں ،ان کے لیے کورونا ٹیسٹ PCR لازمی ہوگا، کلاس میں بیٹھنے سے قبل کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔ محکمہ تعلیم نے صحت مند بچوں کو سکولز واپس آنے کا اختیا ر دیا ہے، یہ واضح کرتے ہوئے کہ تمام اساتذہ اور سکول کا عملہ واپس کام پر آنے سے قبل اپنا کورونا ٹیسٹ لازمی کروائے گا۔
محکمہ تعلیم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے طلبہ جو فاصلاتی تعلیم حاصل کرنا چاہیں گے ان کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی نہیں ہوگا، البتہ ایسے طلبہ جو سکولز میں کلاسیں پڑھنا چاہتے ہیں ان کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا، ان کے لیے کسی ماہر ڈاکٹر کی طرف سے صحت سرٹیفیکیٹ پیش کرنا لازمی ہوگا، اس میں بچے کی سکول میں رہنے کی اہلیت کی ضمانت ہوگی،اسی طرح والدین اپنے بچے کو سکول بھیجنے کی ذمہ داری کے لیے دستخط کریں گے۔
محکمہ تعلیم نے 21 سے 31 دسمبر 2020 کے دوران ہر سکول کے لیے مخصوص تاریخوں کے مطابق "محکمہ صحت" کے مخصوص مراکز میں مفت ٹیسٹ کی فراہمی کا اعلان کیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ طلبہ، اساتذہ اور سکول کے کارکنان مفت ٹیسٹ کرواسکیں۔ محکمہ نے تمام پرائیویٹ سکولوں کو مفت ٹیسٹ کا شیڈول دے دیا ہے۔ اس کی تفصیلات سکولز کے علاوہ محکمے کی ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی۔

سمسٹر کے دوران اساتذہ اور سکول کے تمام عملے کے وقتاً فوقتاً کورونا ٹیسٹ کیے جاتے رہیں گے (فوٹو: البیان)

ذرائع کے مطابق مفت ٹیسٹ کے لیے ابو ظبی کا شناختی کارڈ اور سکول کی تصدیق ہونا لازمی ہے جس کے لیے سکولز طلبہ کو ایک کوڈ جاری کریں گے اسی طرح ٹیسٹ کا مرکز اور تاریخ بتائی جائے گی، ٹیسٹ سے متعلقہ دیگر معلومات والدین سکولز سے معلوم کرسکتے ہیں۔
محکمے نے نشاندہی کی کہ اگر طلبہ یا اساتذہ مختلف تاریخوں یا مراکز میں ٹیسٹ کی خواہش رکھتے ہیں تو وہ کسی بھی نجی یا سرکاری کلینک اور صحت کے مراکز میں جاسکتے ہیں اور اپنے اخراجات پر ٹیسٹ کرا سکتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ یہ ٹیسٹ 21 دسمبر کی تاریخ سے آگے ہونا چاہیے۔
سمسٹر کے دوران اساتذہ اور سکول کے تمام عملے کے وقتاً فوقتاً کورونا ٹیسٹ کیے جاتے رہیں گے، اس کے لیے محکمہ سکولوں سے بعد میں ٹیسٹ کے شیڈول شیئر کرنے کے لیے بات چیت کرے گا۔
محکمہ تعلیم نے تصدیق کی ہے کہ ابوظبی میں ہنگامی بحران اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی اور محکمہ تعلیم کے اعتماد کے بعد ابوظبی کے نجی سکولوں میں طلبہ کو جنوری 2021 سے شروع ہونے والے دوسرے سمسٹر میں واپس آنے کا اختیار دیا جائے گا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ فیصلہ ابو ظبی میں محکمہ تعلیم متعلقہ صحت حکام کی طرف سے سکولوں میں طلبہ کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کی جانے والی بھرپور کوششوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل گذشتہ ماہ ابوظبی میں ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی نے محکمہ تعلیم کے تعاون سے سکولوں میں طلبہ کو واپسی کا اختیار دینے کا اعلان کیا تھا۔ یہ تمام اعلانات اگلے سمسٹر کے لیے ہیں جو 3 جنوری 2021 سے شروع ہوگا۔
محکمے نے سکولوں کے معائنے کے لیے دوروں کو تیز کرنے پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ سکول دوبارہ کھولنے کی پالیسیوں میں تمام احتیاطی تدابیر اورصحت و حفاظت کے معیارات کا اطلاق ہو، اس کے علاوہ سکولوں کے پرنسپلز اور نجی شعبے کے تمام متعلقہ حکام کے ساتھ طلبہ کی بحفاظت واپسی میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے بعد حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جاسکیں۔

’طلبہ کا ٹیسٹ 21 دسمبر کی تاریخ سے آگے کا ہونا چاہیے‘ ( فوٹو: البیان)

محکمہ تعلیم نے ابوظبی کے نجی سکولوں کے ڈائریکٹرز کو ہدایت کی تھی کہ وہ سکول کے وقت اور فاصلاتی تعلیم کے درمیان ان کے ترجیحی تعلیمی ماڈل کے بارے میں والدین کی رائے کا اندازہ کریں اس یقین دہانی کے ساتھ کہ پوری مدت کے دوران پہلے دوسرے اور تیسرے دور میں تمام طلبہ کو فاصلاتی تعلیم کے حصول کا اختیار دستیاب رہے ۔ محکمے نے تمام نجی سکولوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئے سمسٹر کے آغاز کے ساتھ والدین کو لازمی لچک دیں، اور جنوری میں سمسٹر کے پہلے دو ہفتوں کے دوران ان کو ترجیحی تعلیمی ماڈل میں تبدیلی کے لیے اہل بنائیں۔

شیئر: