Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن: کورونا ایس اوپیز کی 13 ہزار خلاف ورزیاں

کورونا سے بچاؤ کے لیے ہینڈبلز بھی تقسیم کیے جاتے ہیں- (فوٹو اخبار 24)
مشرقی ریجن میں گزشتہ ایک ماہ میں کورونا ضوابط پر عمل نہ کرنے پر 13 ہزار زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں میں کورونا سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر مقرر کی گئی ہیں جن پر عمل کرنا ضروری ہے۔ 

مارکیٹوں میں ایس او پیز کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت ہے- (فوٹو ایس پی اے)

مقرر کی جانے والی ایس اوپیز کے مطابق دکانوں اور سپراسٹورز کے علاوہ تجارتی اداروں اور دفاتر وغیرہ میں سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھنے کے علاوہ مارکیٹوں میں آنے والے صارفین کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا خصوصی اہتمام کیا جانا ہے۔ 
انفرادی ضوابط کے تحت جو شخص بھی گھر سے باہر جائے گا اسے ماسک پہننا ضروری ہے ایسا نہ کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ 
وزارت صحت کی جانب سے مقررکردہ ضوابط پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف تمام سرکاری اداروں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ تادیبی کارروائی کریں۔ اس ضمن میں مشرقی ریجن میں بلدیہ اور دیگر اداروں کی جانب سے مختلف مقامات پر مقررہ ایس او پیز کی خلاف وررزیوں پر 13 ہزار98 دکانوں اور افراد کے چالان کیے گئے۔ 
ریجن بلدیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقررہ ایس اوپیز کے علاوہ بلدیہ کی ٹیموں نے مختلف خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کیں جن میں حفظان صحت اور اشیائے خورونوش فروخت کرنےوالی دکانوں میں صفائی کا خیال نہ رکھنے کے علاوہ کارکنوں کا میڈیکل پرمٹ نہ ہونا بھی شامل تھا۔ 
مشرقی ریجن میں بلدیہ کی جانب سے لوگوں میں کورونا سے بچاو کے لیے مقررہ ضوابط پر عمل کرنے کے لیے معلوماتی ہینڈبلز بھی تقسیم کیے جاتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پربھی اہم معلومات شیئر کی جاتی ہیں تاکہ لوگ ان پر عمل کرتے ہوئے کورونا سے محفوظ رہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: