Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی نئی شکل: کون سے 40 ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں لگائی ہیں؟

برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل سآنے کے بعد متعدد ممالک نے برطانیہ کے لیے سفری پابندیاں عائد کی ہیں(فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی نئی شکل سامنے آنے کے بعد 40 سے زائد ممالک برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کر چکے ہیں اور برطانیہ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازوں کو بند کرچکے ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کی نئی شکل کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سکاٹ لینڈ برطانیہ کے ساتھ اپنی سرحد بند کر چکا ہے۔
کورونا کی نئی شکل برطانیہ میں سامنے آئی ہے اور اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ بہت تیزی سے پھیلتا ہے۔

فرانس

یورپ کے ان شہریوں اور رہائشیوں کو بدھ کو فرانس میں داخلے کی اجازت تھی جن کا کورونا ٹیسٹ منفی تھا۔ اسی طرح ان ڈرائیوروں کو بھی گھر جانے کی اجازت ملی جو دو دن سے پھنسے ہوئے تھے۔ بس اور ٹرین کے ڈرائیوروں کے علاوہ برطانوی شہریوں کو فرانس اور برطانیہ کے درمیان چینل پار کرنے کی اجازت نہیں۔

جرمنی

جرمنی نے برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے آنے والے تمام افراد پر چھ جنوری تک پابندی عائد کر دی ہے۔ جنوبی افریقہ میں بھی کورونا وائرس کی نئی شکل سامنے آئی ہے۔ جرمنی کا سفر کرنے کے لیے اب ضروری ہو گیا ہے کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی ہو۔

بس اور ٹرین کے ڈرائیوروں کے علاوہ  برطانوی شہریوں کو فرانس اور برطانیہ کے درمیان چینل پار کرنے کی اجازت نہیں (فوٹو: اے ایف پی)

آئرلینڈ

برطانیہ سے آئرلینڈ کے لیے 31 دسمبر تک پروازوں پر پابندی ہے اور لوگوں کو کہا گیا ہے کہ وہ برطانیہ سے فضائی اور سمندری سفر سے گریز کریں۔
آئرلینڈ نے کہا ہے کہ جو لوگ آٹھ دسمبر کے بعد برطانیہ سے آئے ہیں ان کو خود کو الگ تھلگ کرکے  14 دن کا قرنطینہ کر لینا چاہیے۔

نیدرلینڈز

نیدرلینڈز نے برطانیہ کے لیے سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں لیکن نیدرلینڈز میں داخل ہونے سے قبل تمام مسافروں کے پاس پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ لازمی ہونی چاہیے۔
نیدرلینڈ میں کورونا وائرس کی نئی شکل کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔

سپین، پرتگال، پولینڈ

سپین اور پرتگال نے برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں معطل کی ہیں۔ پولینڈ، جس کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں ہے، نے بھی برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

برطانیہ سفر کرنے والے مسافروں کو قرنطینہ کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اٹلی

اٹلی نے چھ جنوری تک برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر سفری پابندیاں عائد کی ہیں جب کہ ان لوگوں کے داخلے پر بھی پابندی ہے جو گذشتہ 14 دن برطانیہ میں رہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس کی نئی شکل کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ متاثرہ شخص نے برطانیہ کا سفر کیا تھا۔

روس

روس نے ایک ہفتے کے لیے برطانیہ کی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔

فن لینڈ اور آسٹریلیا نے دو ہفتوں کے لیے برطانیہ کی پروازیں معطل کی ہیں، سوئٹزرلینڈ نے اگلے نوٹس تک پروازوں پر پابندی لگا رکھی ہے۔

استونیا، لٹویا، لیتھوینیا، ہنگری اور لیگسمبرگ نے بھی برطانیہ کی پروازوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

کورونا وائرس کی نئی شکل سامنے آنے کے بعد مسافر مشکل کا شکار ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

رومانیہ، چیک ریپبلک، البانیہ، سویڈن، ناروے اور ڈنمارک نے بھی سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔
بیلجیئم نے برطانیہ کے لیے پروازوں اور یورو سٹار ٹرین سروس پر پابندی عائد کی ہے۔
انڈیا نے 31 دسمبر تک پروازیں معطل کی ہیں، جو بھی برطانیہ سے سفر کرے گا، اس کے لیے کورونا کا ٹیسٹ لازمی ہے۔
سابق برطانوی کالونی ہانگ کانگ نے برطانیہ سے تمام پروازیں معطل کی ہیں جبکہ دو ہفتے قبل آنے والے مسافروں سے کہا گیا ہے کہ خود کو قرنطینہ کر لیں۔
کینیڈا نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر 72 گھنٹوں کے لیے پابندی عائد کی ہے۔ ترکی نے بھی برطانیہ، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ سے پروازیں معطل کی ہیں۔

مشرق وسطیٰ

سعودی عرب اور عمان نے کم از کم دو ہفتوں کے لیے برطانیہ کی پروازوں پر پابندی لگائی ہے۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ برطانیہ، دنمارک اور جنوبی افریقہ سے تمام غیر ملکی شہریوں کے داخلے پر پابندی ہے۔ اردن اور ایران نے بھی سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔

برطانیہ نے بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات سخت کر دیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

افریقہ

مراکش، الجیریا اور تیونس نے بھی کورونا وائرس کی نئی قسم کے پیش نظر برطانیہ اور جنوبی افریقہ کی تمام پروازوں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

لاطینی امریکہ

لاطینی امریکہ کے ممالک نے بھی جنوبی افریقہ اور برطانیہ کی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔

شیئر: