Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اعتمرنا ایپ‘ سے 50 لاکھ پرمٹ کا اجرا

اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔ (فوٹو سبق)
 وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کی وبا کے بعد عمرہ سیزن مرحلہ وار بحال کیے جانے سے اب تک مسجد الحرام میں 50 لاکھ سے زائد زائرین مستفیض ہوچکے ہیں‘۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق وزیر حج نے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ بعدازاں گورنر کو وزارت حج وعمرہ کی کارکردگی کی رپورٹ دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت کی جانب سے عمرہ زائرین اور مسجد الحرام میں باجماعت نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ 

عمرہ اور نماز کے لیے آنے والوں کو سہولت فراہم کی جاتی ہے- (فوٹو ایس پی اے)

وزیر حج وعمرہ نے مزید بتایا کہ ابھی تک مسجد الحرام آنے والوں میں کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا-  وزارت حج و عمرہ مکمل طور پر مقررہ ضوابط پر عمل کررہی ہے تاکہ کورونا کی وبا سے لوگوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔ 
واضـح رہے سعودی عرب میں مارچ 2020 کے آخری ہفتے سے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی گئی تھی تاہم کورونا وائرس کی وبا کم ہونے پر پابندی مرحلہ وار ختم کرتے ہوئے منظم طریقے سے عمرہ پروگرام بحال کیا گیا۔ 

وزارت حج و عمرہ مقررہ ضوابط پر عمل کررہی ہے- (فوٹو ایس پی اے)

عمرہ زائرین اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت کے لیے خصوصی پرمٹ کا اجرا کیا گیا تاکہ لوگوں کی مخصوص تعداد کو عمرہ اور نماز باجماعت ادا کرنے کا موقع میسر آسکے۔ 
عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے وزارت نے ’اعتمرنا‘ ایپ کی سہولت جاری کی جس میں رجسٹر کرانے کے بعد ایپ کے ذریعے خودکار طریقے سے عمرہ  پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔ 
عمرہ پرمٹ جاری کیے جانے کے بعد مخصوص وقت پرمسجد الحرام پہنچا جاتا ہے اور پرمٹ کے مطابق دیئے گئے دورانیہ میں واپسی ہوتی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: