Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی سی سی اجلاس، شاہ سلمان کی جانب سے رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال

دعوت نامے جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نائف فلاح الحجرف کے ذریعے بھیجے گئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی ) کے رہنماؤں کو آئندہ برس پانچ جنوری کو ریاض میں ہونے والے تنظیم کے 41 ویں سربراہی اجلاس کے لیے باضابطہ طور پر مدعو کرلیا ہے۔
 عرب نیوز نے گروپ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ دعوت نامے خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نایف الفالح الحجراف کی جانب سے ارسال کیے گئے ہیں۔

 

سب سے پہلے جن رہنماؤں کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں ان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان بھی شامل ہیں جبکہ دبئی کے حکمران اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر الحجراف نے کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’خلیجی رہنماؤں کی طرف سے سالانہ بنیادوں پر اور خاص طور پر ان غیر معمولی اوقات میں سربراہی اجلاس کے انعقاد کا عہد خلیجی عوام کے ساتھ اپنے فرائض پر ان کے اعتقاد اور رکن ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے ان کے تعاون کا ثبوت ہے۔‘
’آج جب خلیج تعاون کونسل عالمی وبا کے پس منظر کے ساتھ اپنے قیام کی پانچویں دہائی میں داخل ہو رہی ہے، اس تنظیم کے رکن ممالک کے مابین تجارت اور معاشی تعاون کے فروغ کا مشن تاریخ کے کسی بھی دور سے زیادہ اہم اور ضروری ہوگیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جی سی سی کی توجہ خلیجی عوام کی خواہشات کو پورا کرنے، رکن ممالک اور بین الاقوامی برادری کے مابین تعاون، باہمی ربط اور تجارت میں اضافے پر مرکوز ہے۔ 
’خلیجی ممالک میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے جی سی سی کے رہنماؤں کی انتھک کوششوں پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔‘

شیئر: