Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد اضافہ

’انڈیا اور مصر کے سرمایہ کاروں کو سب سے زیادہ اجازت نامے جاری ہوئے‘ (فوٹو: سبق)
کورونا بحران میں جہاں دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی وہاں سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں گذشتہ سال مماثل مدت کے مقابلے میں اس سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کو جاری ہونے والے اجازت ناموں کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اجازت نامے انڈیا اور مصر کے سرمایہ کاروں کو دیے گیے۔
وزارت سرمایہ کاری نے کہا ہے کہ 'جون، جولائی اور ستمبر 2019 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 254 اجازت نامے دیے گئے تھے جبکہ اس سال اسی مدت کے دوران 306 اجازت نامے جاری ہوئے ہیں۔'
'انڈیا اور مصر کے سرمایہ کاروں میں سے ہر ایک کو 30 اجازت نامے جاری ہوئے ہیں، برطانیہ اور لبنان کے سرمایہ کاروں کو 16، فرانس کے سرمایہ کاروں کو 11، امریکہ کے سرمایہ کاروں کو 10 جبکہ باقی پاکستان، شام اور یمن کے علاوہ دوسرے ممالک کے سرمایہ کاروں کو اجازت نامے جاری ہوئے ہیں۔'
ولی عہد کے وژن کے مطابق سعودی عرب آمدنی کے مختلف ذرائع پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے جس کی ایک بنیاد غیر ملکی سرمایہ کاری بھی ہے۔

شیئر: