Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں نے یمن کے شمالی شہر کو میزائل سے نشانہ بنایا: عرب اتحاد

بریگیڈیئر ترکی المالکی کے مطابق عرب اتحاد نے حوثی حملوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
حوثی باغیوں نے یمن کے ایک شمالی شہر کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ  یہ حملہ عمران کی گورنری سے کیا گیا اور میزائل نے الجوف شہر کو ہدف بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری آبادیوں پر بیلسٹک میزائل  حملے کرکے حوثی باغی مسلسل بین الاقوامی اور انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
بریگیڈیئر ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ عرب اتحاد نے حوثی حملوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے ہوئے ہیں۔
جمعے کو عرب اتحاد نے کہا تھا کہ بحیرہ احمر میں حوثی باغیوں کی بچھائی گئی ایک بارودی سرنگ سے تجارتی کارگو جہاز ٹکرایا تھا۔
 
عرب اتحاد کے مطابق تجارتی کارگو کے جہاز کو معمولی نقصان پہنچا البتہ کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔
عرب اتحاد کا مزید کہنا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغی جنوبی بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں میرین مائنز نصب کرتے ہیں جو کہ ’انٹرنیشنل شپنگ اور بین الاقوامی تجارت کے لیے ایک سنگین خطرہ‘ ہے۔

شیئر: