Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رن بنانے کی مشین: وراٹ کوہلی دہائی کے بہترین کرکٹر قرار

آئی سی سی نے کوہلی کو ’رن مشین‘ کا لقب بھی دیا (فوٹو: ٹوئٹر)
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے انڈین ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کو دہائی کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا ہے، جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں سے یہ اعزاز آسٹریلوی آل راؤنڈر ایلیس پیری کو ملا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق انٹرنیشل کرکٹ کونسل نے دہائی کے ایوارڈز کا اعلان کرتے ہوئے وراٹ کوہلی اور ایلیس پیری کو فاتح قرار دیا ہے۔ جبکہ آسٹریلوی بیٹس مین سٹیو سمتھ کو بہترین ٹیسٹ کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
وراٹ کوہلی ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران بھی دہائی کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
وراٹ کوہلی نے اپنے ویڈیو پیغام میں ایوارڈ ملنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ٹیم کے لیے پرفارم کرنے پر انہیں فخر ہے۔
وراٹ کا کہنا تھا کہ ہر میچ میں ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے لیے فتح حاصل کریں۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ایلیس پیری کو دہائی کی بہترین کھلاڑی کے علاوہ ون ڈے انٹرنیشل اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے پر بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔
ایلیس پیری کرکٹ کے علاوہ فٹبال کی کھلاڑی بھی رہ چکی ہیں۔2011 کے فٹبال ورلڈ کپ میں انہوں نے آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔
ایلیس پیری نے ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی کے بعد دہائی کا ایوارڈ حاصل کرنا ان کے لیے زبردست لمحہ ہے۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق کوہلی ایوارڈ پیریڈ کے دوران 10 ہزار سے زائد رنز بنانے والے اکلوتے کھلاڑی ہیں۔

اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے کوہلی نے 39 سنچریاں، 48 ففٹی اننگز کھیلیں۔ انہوں نے 61.83 کی اوسط سے یہ سکور کیا۔
کوہلی کے اعزاز کا اعلان کرتے ہوئے آئی سی سی نے انہیں ’رن مشین‘ کا لقب بھی دیا۔
سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر کوہلی کے اعزاز پر تبصرہ کرنے والے صارفین نے ان کے لیے خوشی کا اطہار کیا تو کچھ نے اپنے پسندیدہ کھلاری کو ’کنگ کوہلی‘ کا لقب بھی دے ڈالا۔

گزشتہ دنوں آئی سی سی کی جانب سے دہائی کی بہترین ٹیموں کا اعلان کیا گیا تو مختلف کرکٹ حلقوں خصوصا پاکستانی شائقین نے اعدادوشمار کا حوالہ دے کر اعتراض کیا تھا کہ جن کھلاڑیوں کو دہائی کی بہترین ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، متعدد پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی ان سے بہتر ہے۔ 

کوہلی کے اعزاز سے متعلق ہونے والی گفتگو میں بھی دیگر کھلاڑیوں کا حوالہ آیا تو متعدد شائقین کرکٹ نے ان کی کارکردگی کے ثبوت کے طور پر حقائق اور تصاویر وغیرہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس اعزاز کے حقدار ہیں

یاد رہے کہ انڈیا کے سٹار کرکٹر وراٹ کوہلی ماسٹر بلاسٹر کہے جانے والے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ کر ون ڈے میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
کوہلی نے یہ اعزاز  ایک روزہ میچز کی 242 ویں اننگز میں اپنے نام کیا جب کہ سچن ٹنڈولکر نے یہ کارنامہ اپنی 300 ویں اننگز میں سر انجام دیا تھا۔

شیئر: