Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بال ٹیمپرنگ سکینڈل: عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کے بیانات نے کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات پر ’سوالیہ نشان‘ لگا دیا

عثمان خواجہ کی بائیو گرافی ’صبر‘ منگل کو شائع کی جائے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر نے سنہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل سے متعلق عثمان خواجہ کے انکشافات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات کو ’ناقص اور عجلت میں مکمل کی گئی کارروائی‘ قرار دے دیا ہے۔
’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق عثمان خواجہ نے اپنی آنے والی سوانح عمری ’صبر‘ میں سنہ 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بال ٹیمپرنگ سے متعلق کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔
عثمان خواجہ کے مطابق ’آسٹریلوی ٹیم نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل پورٹ الزبتھ (موجودہ گیبرہا) میں بھی گیند کے ساتھ سینڈ پیپر استعمال کیا تھا۔‘
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی آگاہ تھے، تاہم سزا صرف چند کھلاڑیوں کو دی گئی۔‘
عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ ’میں نے متعدد مرتبہ ٹیم پر اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے پر زور دیا، لیکن کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات کے دوران میرا بیان تک ریکارڈ نہیں کیا گیا حالانکہ میں واقعے سے متعلق معلومات رکھتا تھا۔‘
ڈیوڈ وارنر نے نیپال پریمیئر لیگ میں شرکت کے دوران انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں جو کچھ لکھا ہے وہ 100 فیصد درست ہے، میں عثمان کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔‘
ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ ’آٹھ سال بعد حقیقت سامنے آگئی ہے اور اب معاملہ کسی پر انگلی اٹھانے کا نہیں بلکہ جواب دہی اور شفافیت کو یقینی بنانے کا ہے۔‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’جب عثمان خواجہ کا بیان ہی ریکارڈ نہیں کیا گیا تو اس تحقیقات کو جامع اور مکمل کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران میڈیا میں کئی بیانات اور غلط معلومات سامنے آتی رہیں، جبکہ متعدد افراد خاموش رہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کرنے والوں سے بھی جواب طلب کیا جائے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
واضح رہے کہ سنہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ سکینڈل سامنے آنے پر ڈیوڈ وارنر، سٹیون سمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تینوں کھلاڑیوں پر ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ ڈیوڈ وارنر اور سٹیون سمتھ پر قیادت کرنے کی تاحیات پابندی بھی لگائی گئی تھی۔ ڈیوڈ وارنر کی قیادت سے متعلق پابندی 2024 میں ختم کر دی گئی تھی۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں سنہ 2018 کی تحقیقات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران اس معاملے پر مسلسل قیاس آرائیاں ہوتی رہی ہیں اور متعلقہ معلومات کا جائزہ لیا جاتا رہا ہے۔‘
ادارے کے مطابق ’اب تک موصول ہونے والی تمام متعلقہ معلومات پر غور کیا گیا ہے اور وہ اپنی تحقیقات کے نتائج سے مطمئن ہے۔‘
عثمان خواجہ کی سوانح عمری ’صبر‘ منگل کو شائع کی جائے گی جس کے بعد اس معاملے پر مزید ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔

شیئر: