یمن میں 300 ملین ریال سے زائد سعودی منصوبوں کا اعلان
یمن میں 300 ملین ریال سے زائد سعودی منصوبوں کا اعلان
پیر 28 دسمبر 2020 21:55
اعلان شدہ میگا پراجیکٹس میں کنگ سلمان میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل سٹی شامل ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب نے یمن میں سلسلہ وار ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا ہے جن میں تین میگا پروجیکٹس شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی مشترکہ مالیت 303.4 ملین ریال یعنی80.91 ملین امریکی ڈالر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نے بیان کیا ہے کہ یمن میں متعین سعودی سفیر اور یمن کے لئے سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن کے جنرل سپروائزرمحمد بن سعید الجابرنے ان منصوبوں کے معاہدوں پر ریاض میں دستخط کئے ہیں۔
یمن کے وزیر برائے منصوبہ بندی اور بین الاقوامی تعاون، وزیر مالیات، وزیر برائے آبادی اور صحت عامہ، وزیر ٹرانسپورٹ اور پبلک ورکس اینڈ روڈز کے وزیر دستخطوں کی اس تقریب میں شامل تھے۔
یمن کے لئے اعلان شدہ 3 سعودی میگا پراجیکٹس میں213 ملین ریال مالیت کا کنگ سلمان میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل سٹی شامل ہے جو المھرہ گورنریٹ میں قائم کیا جائے گا۔
دوسرا منصوبہ 54.4 ملین ریال کا ہے جس کے تحت عدن کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بحالی کا کام کیا جائے گا۔
تیسرے میگا منصوبے کے تحت 36 ملین سعودی ریال کی لاگت سے مارب شہر میں شارع العبرکو بہتر بنایاجائے گا۔
سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام کے جنرل سپر وائزرمحمد بن سعید الجابرنے کہاہے کہ ہم یمن کے مقامی حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، یمن کے مختلف اہم شعبوں کی ضروریات کی تکمیل کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے۔
ہم یمن میں اپنے شراکت داروں ، جن میں سعودی ادارے اور بین الاقوامی تنظیمیں شامل ہیں، ان کے ساتھ تعاون میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ یمن کی ترقی کے لئے متحدہ کوششیں کی جا سکیں اور ان منصوبوں کو کامیاب بنایا جا سکے جو یمن میں ترقی، خوشحالی اور فروغِ امن کے لئے کردار ادا کریں گے۔
معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب ریاض میں سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام ’’ایس ڈی آر پی وائی‘‘ کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔
ایس پی اے کے مطابق ’’ایس ڈی آر پی وائی‘‘ نے7پرائمری سیکٹرز میں 193سے زائد منصوبے نافذ کئے ہیں جن میں تعلیم، صحت، پانی، توانائی،نقل و حمل، زراعت اور ماہی گیری نیز حکومتی صلاحیت میں اضافے کے منصوبے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یمن کی نئی اتحادی حکومت نے صدر عبد ربہ منصور ہادی کی موجودگی میں ریاض میں حلف اٹھایا جس کے بعد جنوبی یمن کے صوبوں کے مابین مہینوں سے جاری تشدد اور سیاسی تصادم کا خاتمہ ہو گیاجس نے حوثی مخالف اتحاد کو کمزور کر دیا تھا۔
یمنی صدر عبدربہ ہادی نے ریاض معاہدہ کے نفاذ کی راہ ہموار کرنے پر سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا ہے اور امید ظاہر کی ہےکہ مملکت کی یہ نئی مالی اعانت یمن کی معیشت کو بحران سے نکالنے میں مددگار ثابت ہو گی۔