Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں شمشان گھاٹ کی چھت گرنے سے 18 ہلاکتیں

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رات بھر ہونے والی بارش کی وجہ سے چھت گرگئی (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی سے ملحق ریاست اترپردیش کے ضلع غازی آباد کے شہر مراد نگر میں شمشان گھاٹ (مردوں کو نذر آتش کرنے والی جگہ) کی چھت گرنے سے 18 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ابھی بھی بہت سارے لوگ ملبے میں پھنسے ہیں اور ان کو باہر نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
غازی آباد کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اب تک 18 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
 
لوگوں کو ملبے سے نکالنے کے لیے امدادی کام جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورسز کی ٹیمیں بارش کے درمیان وہاں کام کر رہی ہیں۔
مرنے والے کسی شخص کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے لوگ وہاں یکجا تھے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رات بھر بارش ہونے کی وجہ سے چھت گرگئی اور یہ حادثہ پیش آیا۔
لوگ بڑی تعداد میں بارش سے بچنے کے لیے وہاں کھڑے تھے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اعلی پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور ضروری اقدامات کریں۔
وزیراعلیٰ نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کا مناسب علاج یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: