Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نانی ہونے کا اپنا ہی مزا ہے‘، مریم نواز کی نواسی کے لیے خریداری

پاکستان میں سیاست کے گہما گہمی میں لوگ کبھی کبھی بھول ہی جاتے ہیں کہ سیاستدان بھی عام انسانوں کی طرح ہی اپنے گھر کے معاملات چلاتے ہیں جس میں گھر کے بچوں کے لیےتحائف خریدنا،عیدیاں بانٹنا وٖغیرہ شامل ہے۔
مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کی سوشل میڈیا پر ریلیز کی جانے والی ایک ویڈیو میں اپنی اڑھائی سالہ نواسی کے لیے ان کی محبت اور اس رشتے پر انکا فخر ظاہر ہوتا ہے۔
مسلم لیگ نواز کی ایم پی اے اور مریم نواز کی ٹیم کی رکن ثانیہ عاشق کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ مریم نواز بہاولپور میں پی ڈی ایم کی ریلی کے بعد واپسی پر ریسٹ ایریا کی ایک دکان پر رکی اپنی نواسی سیرینا کے لیے تحفے خرید رہی ہیں اور ویڈیو کال پر اس سے اس کی پسند کے کھلونوں کا پوچھ رہی ہیں۔
مریم نواز نے  ویڈیو کال پر اپنی نواسی سے پیار سے بچوں جیسی ہی آواز میں  پوچھا کہ وہ ان کے لیے ’ڈاکٹر سیٹ‘ لائیں یا ’بس‘؟ ننھی سیرینا نے شاید ببل گم کی فرمائش کی جس کے بعد ویڈیو ختم ہوگئی۔
ثانیہ عاشق نے اردو نیوز کو بتایا کہ اڑھائی سالہ سیرینا سے مریم نواز بے حد پیار کرتی ہیں اور اپنے سفر کے دوران بھی نواسی کو نہیں بھولتیں۔
ثانیہ عاشق کا کہنا تھا کہ ’وہ بھی مریم نواز کے ساتھ موجود تھیں جب انہوں نے دیکھا کہ مریم نواز اپنی نواسی سے ویڈیو کال پر بات کر کے اس کی پسند کا پوچھ رہی ہیں تو انہیں خیال آیا کہ اس خوبصورت لمحے کو محفوظ کر لیں۔ اس لیے انہوں نے ویڈیو بنا لی جسے بعد میں انہوں نے ٹویٹ بھی کر دیا۔‘

مریم نواز کی نواسی سیرینہ اڑھائی سالہ کی ہے: فوٹو بشکریہ ثانیہ عاشق

ان سے پوچھا گیا کہ مریم نواز نے نواسی کے لیے کیا خریدا تو انہوں نے بتایا کہ کھلونوں کی اس دکان سے سیرینا کے لیے ایک کھلونا بس، ایک کھلونا ’کارٹ‘ اور کھلونا موبائیل کے علاوہ سنیکس خریدے۔
مریم نواز نے ٹویٹر پر ویڈیو کو قوٹ کر کے لکھا کہ ’یہ نانو ہونے کی خوشی اور مزا ہے۔۔اس کے لیے الحمدللہ۔‘
ثانیہ عاشق کا کہنا تھا کہ ایک دفعہ عمران خان نے مریم نواز کو نانی ہونے کا طعنہ دیا تھا اس ویڈیو سے پتا چلتا ہے کہ مریم  نواز اس رشتے کو کتنا انجوائے کرتی ہیں اور اس  خوبصورت رشتے پر انہیں کتنا فخر ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اکتوبر میں پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد ٹائیگر فورس کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے  کہا تھا کہ 'گجرانوالہ کے جلسے میں جو دو بچوں نے تقریریں کی تھیں ان کے اوپر میں بات نہیں کرنا چاہتا۔ ان میں سے ایک 'نانی' ہو گئی ہے لیکن میرے لیے وہ بچہ ہی ہے۔'

شیئر: