Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب اور قطر بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھول رہے ہیں‘

کویتی وزیر خارجہ کے مطابق امیر کویت کی تجویز کی بنیاد پر اتفاق ہوا ہے۔( فوٹو العربیہ)
کویتی وزیر خارجہ شیخ احمد الصباح نے کہا ہے کہ سعودی عرب  قطر کے ساتھ اپنی بری، بحری اور فضائی سرحدیں پیر کی رات سے کھول رہا ہے۔ 
سرکاری ٹی وی چینل الاخباریہ کے مطابق سعودی عرب نے قطر کے ساتھ سرحدیں کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شیخ احمد الصباح نے کہا کہ ’امیر کویت کی تجویز پر سعودی عرب اور قطر کے مابین فضائی، زمینی اور بحری سرحدی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
سعودی عرب نے پیر کو ایک معاہدے کے تحت قطر کے ساتھ اپنی فضائی، بحری اور زمینی سرحدیں کھولی تھیں تاکہ تین برس سے جاری سفارتی تناؤ کو ختم کیا جا سکے۔
اُمید کی جا رہی ہے کہ اس حوالے سے ایک جامع معاہدے پر منگل کو ہونے والے جی سی سی اجلاس میں دستخط کیے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ یہ معاملہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد سے کویتی وزیر خارجہ کے ٹیلیفونک رابطوں کے نتیجے میں طے پایا ہے‘۔
یہ اعلان سعودی عرب میں منگل کو العلا میں خلیجی تعاون کونسل ( جی سی سی) سربراہی اجلا س کے موقع پر سامنے آیا ہے۔ سربراہی اجلاس کی صدارت شاہ سلمان بن عبدالعریز کریں گے۔
قطری ایوان شاہی نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو سعودی عرب میں ہونے والے خلیجی سربراہ اجلاس میں قطری وفد کی قیادت امیر قطر شیخ تمیم بن حمد کریں گے۔
یاد رہے کہ قطر کی جانب سے انتہا پسند گروپوں کی حمایت پر جون 2017 میں مصر او ر خلیجی ملکوں نے قطر کا بائیکاٹ شروع کیا تھا اور سعودی عرب نے قطر کے ساتھ سرحدیں بند کردی تھیں۔
ایس پی اے کے مطابق اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ خلیجی سربراہ اجلاس اتحاد و اتفاق اور خوشحالی لائے گا۔ 
 انہوں 41 ویں خلیجی سربراہ اجلاس سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں سعودی عرب کی پالیسی خلیجی تعاون کونسل اورعرب ممالک کے اعلیٰ مفادات کے حصول پر قائم ہے۔ سعودی عرب خلیجی اور عرب عوام کی فلاح و بہبود اور امن و استحکام کے لیے اپنی جملہ توانائیاں وقف کیے ہوئے ہے۔  
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ خلیجی سربراہ اجلاس اتحاد و اتفاق کا باعث بنے گا- یہ خوشحالی اور فلاح کے کارواں کو تقویت پہنچائے گا-  

 

شیئر: