Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے وہ علاقے جہاں درجہ حرارت منفی 20 سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سیزن میں اب تک کم سے کم درجہ حرارت استور میں منفی 12، گوپس اور سکردو میں منفی 11 ریکارڈ کیا گیا (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں گرم اور سرد دونوں موسم شدید ہوتے ہیں۔ اگر گرمیوں میں سورج سوا نیزے پر رہتا ہے تو سردیوں کے عروج کے دوران بالخصوص شمالی علاقوں اور صوبہ بلوچستان میں موسم ہر شے کو منجمد کر دیتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں موسم سرما میں پاکستان کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 20 سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سیزن میں اب تک کم سے کم درجہ حرارت استور میں منفی 12، گوپس اور سکردو میں منفی 11، زیارت میں منفی دس، کالام میں منفی نو، ہنزہ، کوئٹہ اور قلات میں منفی آٹھ اور بگروٹ میں منفی سات درجے ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے فورکاسٹنگ آفیسر راشد بلال کے مطابق رواں سیزن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے 25 شہروں میں موسم منفی ڈگری میں ریکارڈ ہو گا۔
ان شہروں میں اسلام آباد کے علاوہ کوئٹہ، ایبٹ آباد، زیارت، ژوب، قلات، استور، مگروٹ، گلگت، گوپس، کوٹلی، مظفر آباد، راولاکوٹ، ہنزہ، گڑھی دوپٹہ، بالاکوٹ، چترال، دیر، دروش، کالام، مالم جبہ، میر خانی، پارہ چنار، دالبندین اور خضدار شامل ہیں۔  
راشد بلال نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’کم سے کم درجہ حرارت کی درست پیش گوئی محض ایک ہفتہ قبل کی جا سکتی ہے۔‘

محکمہ موسمیات  کے مطابق مختلف شہروں میں درجہ حرارت منفی بیس تک جا سکتا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

ان کے مطابق آنے والے اگلے ہفتے میں کچھ گرم ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی جس سے موسم قدرے کم ٹھنڈا ہو گا۔ تاہم اس کے بعد بارشوں، برف باری اور ٹھنڈی ہواوں کے آنے سے درجہ حرارت دوبارہ کم ہو سکتا ہے اور یہ منفی 20 تک بھی جا سکتا ہے۔

پاکستان میں اب تک کم سے کم درجہ حرارت

تاریخی طور پر سب سے کم درجہ حرارت سات جنوری 1995 کو سکردو میں منفی 24.01 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ تاریخی طور پر سب سے زیادہ درجہ حرارت مئی 2017 میں تربت میں 54 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

رواں سیزن میں گرم ترین دن چار دسمبر کو مٹھی میں رہا جب جہاں درجہ حرارت 36.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

شیئر: