Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا 31 مارچ سے تمام فضائی اور بری راستے کھولنے کا اعلان

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 31 مارچ سے سعودی شہریوں کو مملکت سے باہر جانے اور واپس آنے کی اجازت دی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 31 مارچ سے تمام فضائی، بری اور بحری راستے کھول دیے جائیں گے۔ 
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ’31 مارچ 2021 سے سعودی شہریوں کو مملکت سے باہر جانے اور واپس آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی مکمل طریقے سے اٹھالی جائے گی۔‘ 
’بری، بحری اور فضائی راستے کھول دیے جائیں گے- یہ اجازت ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ دی گئی ہے۔ ‘

 

 ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے  بتایا کہ اس سے قبل یکم دسمبر 2020 کو اعلامیہ جاری کرکے بتایا گیا تھا کہ سعودی شہریوں کو مملکت سے باہر جانے اور بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کے فیصلے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
2 جنوری 2021 کو سعودی عرب آنے والوں کے حوالے سے ایس او پیز کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں۔
وزارت داخلہ کا بیان میں کہنا تھا کہ چونکہ کووڈ 19 کی وبا کا سلسلہ جاری ہے اور دنیا کے بیشتر ملکوں میں وبا کی دوسری لہر آئی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں تغیر پذیر وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی رپورٹیں بھی مل رہی ہیں۔
 ’اس تناظر میں طے کیا گیا ہے کہ بری، بحری اور فضائی سرحدیں 31 مارچ 2021 سے کھولی جائیں۔ تب سے ہی سعودی شہریوں کو مملکت سے باہر جانے اور آنے کی اجازت دی جائے تاکہ اس وقت تک ویکسین مطلوبہ مقدار میں سعودی عرب آچکی ہوگی۔‘
’اس وقت تک مملکت کے تمام علاقوں میں ویکسین کی تقسیم کا کام انجام پاچکا ہو اور وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے زمروں میں شامل افراد ویکسین کی بدولت وائرس لگنے سے محفوط ہوجائیں۔‘

شیئر: