Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن: پورا ملک تاریک، مرحلہ وار بحالی

ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب  ملک کے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔ (فوٹو:اے پی پی)
پاکستان کے متعدد شہروں میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بجلی کی ٹرانسمیشن لائنیں اچانک ٹرپ کرگئیں جس کے نتجے میں ملک کا بہت بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔
اتوار کی صبح مختلف شہروں میں مرحلہ وار بجلی کی بحالی شروع ہونے کی اطلاعا ت ملی ہیں۔ وزارت توانائی کے ٹوئٹر اکاونٹ پر بتایا گیا کہ اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں جزوی طور پر بجلی بحال کردی گئی ہے تاہم مکمل بحالی میں کچھ وقت لگے گا۔ 
وزارت توانائی کی ٹویٹ کے مطابق تربیلا پاور ہاؤس کے تین یونٹس اور وارسک پاور ہاوس کے یونٹس چلا دیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان خود نیشنل پاور کنٹرول سنٹر میں بجلی بحالی کی نگرانی کرتے رہے۔

عمر ایوب خان نیشنل پاور کنٹرول سنٹر میں بجلی بحالی کی نگرانی کرتے رہے۔( فوٹو: وزارت انرجی)

 بیان کے مطابق ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی کے اس وقت آٹھ 132 کے وی گرڈ پر بجلی بحال 11 کے وی فیڈرز پر بجلی بحالی جاری ہے۔
کھاریاں، لالہ موسی کے علاقوں میں بجلی بحالی شروع ہوگئی ہے۔ پشاور سٹی کے چار 132 کے وی گرڈز پر بجلی بحال ہوگئی ہے۔
گوجر خان، جہلم اور ڈنگا کے علاقوں میں بھی بجلی بحال ہونا شروع ہوگئی۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کے کئی علاقوں میں بجلی بحالی شروع کر دی گئی ہے۔ راول گرڈ سے ریڈ زون کی بجلی بھی بحال ہوچکی ہے۔ 
کے الیکڑک کا کہنا ہے کراچی میں بجلی کی مرحلہ وار بحالی کا عمل جاری ہے۔ نیا ناظم آباد سیمیت کچھ علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔ 
رپورٹس کے مطابق سنیچر کی رات گیارہ بجکر41 منٹ پر گدو بجلی گھر میں فنی خرابی کے باعث ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ کی۔ کراچی، لاہور، سلام آباد، راولپنڈی، جہلم، گجرات، ملتان، فیصل آباد، کشمیر اور کوئٹہ سمیت چاروں صوبوں میں بریک ڈاون رہا۔
پاور ڈویژن کے ایک ترجمان کے مطابق بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50 سے 0 پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی  ہے۔ اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا۔
ترجمان نے عوام سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تمام ٹیمیں اپنے اپنے سٹیشن پر پہنچ چکی ہیں
دوسری جانب ‏نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ  500 کے وی کا سسٹم ٹرپ کرگیا جس کے بعد ملک میں بجلی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا۔
‏بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں کو بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
ترجمان کے مطابق ‏تربیلا اور منگلا سے بجلی کی سپلائی معطل ہوئی ہے۔ 
کوئٹہ سے اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کے مطابق کیسکو ترجمان نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان کے تقریبا 30 اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔
ملک کے متعدد شہروں میں ایک ساتھ بجلی عائب ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔ 
جس کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ’برائے مہربانی اطمینان رکھیں۔ سب اللہ کا شکر ہے۔ یہ بڑی فنی خرابی کی کوئی وجہ ہے جسے تلاش کیا جا رہا ہے۔‘
برائے مہربانی اطمینان رکھیں۔ سب اللہ کا شکر ہے۔ یہ بڑی فنی خرابی کی کوئی وجہ ہے جسے تلاش کیا جا رہا ہے۔ https://t.co/VRflwtEQcj
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کے مشیر عمر ایوب وزیر برائے بجلی اور ان کی پوری ٹیم بجلی ٹرپ ہونے کے ایشو پر کام کر رہی ہے۔ میری ابھی ابھی ان سے بات ہوئی ہے انشاللہ جلد آپکو آپ ڈیٹ کرتے ہیں۔‘ 
خیال رہے اس سے قبل مئی 2018 میں ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا ۔  
اس وقت گدو مظفر گڑھ لائن اوردیگر پلانٹس میں خرابی کے باعث رمضان سے ایک روز قبل پنجاب ، خیبرپختونخوا، وفاقی دارالحکومت ۔ بلوچستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں بجلی کا بریک ڈائون ہو گیا تھا  جس سے بجلی کا ملک گیر طویل بحران پیدا ہوا تھا۔

شیئر: