Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: 2020 میں سونا کتنی بار مہنگا اور سستا ہوا؟

2020 میں جولائی کے مہینے کے دوران سونے کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔ (فوٹو: فری پک)
دنیا کے باقی ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی سونے کی مانگ کافی زیادہ ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمت میں اتار چڑھاؤ ہوتا رہتا ہے۔ 
اگر قیمت کے حوالے سے دیکھا جائے تو سعودی عرب میں سال 2020 کے دوران جولائی ایسا مہینہ تھا جب سونے کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔
یکم جولائی کو قیمت 213 سے شروع ہوئی اور مہینے کے اختتام پر فی گرام سونے کی قیمت 238 ریال تک پہنچی- اس ایک ماہ میں سونے کا کاروبار کرنے والوں نے بہت اچھا منافع کمایا- اسی طرح سال کے باقی مہینوں میں قیمت اتنی زیادہ نہیں بڑھ سکی-
اسی طرح قیمت میں سب سے زیادہ کمی ستمبر کے مہینے میں ہوئی جب ایک گرام سونے کی قیمت میں 10 ریال کی کمی واقع ہوئی تھی- تب بیشتر لوگوں کا خیال تھا کہ قیمتیں اب گھٹنا شروع ہو جائیں گی مگر ان کا یہ اندازہ غلط ثابت ہوا-
سعودی عرب میں واٹ یعنی ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 10 فیصد اضافہ یکم جولائی سے شروع ہوا جس کے بعد سعودی عرب میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس 15 فیصد ہوگیا اس کی وجہ سے بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا-

سب سے زیادہ کمی ستمبر کے مہینے میں ہوئی جب ایک گرام سونے کی قیمت میں 10 ریال کی کمی واقع ہوئی تھی۔ (فوٹو: انسپلیش)

جنوری سے مارچ تک سونے کے نرخ
یکم جنوری 2020 کو سعودی عرب میں سونے کی قیمت 183 ریال ایک ھللہ فی گرام تھی جو جنوری کے آخر میں بڑھ کر 191 ریال 63 ھللہ تک پہنچی-
یعنی سال کے پہلے ہی مہینے میں سونے کی ایک گرام قیمت میں ساڑھے آٹھ ریال سے زیادہ کا اضافہ ہوا-
فروری 2020 میں ایک گرام سونے کی قیمت 191.65 سے چند ھلالے کم ہوکر 191.12 ریال ہوگئی-
اسی طرح مارچ کا گراف اگر سونے کے حوالے سے دیکھا جائے تو یہ کورونا کے لاک ڈاؤن کا ابتدائی دور تھا- جس میں سونے کی قیمت 191.10 ریال سے  بڑھ کر 202 ریال فی گرام تک پہنچی اور مہینے کے اختتام تک قیمت کم ہوکر 190.95 پر آ گئی-
اپریل اور سونے کی قیمتیں
یکم اپریل کو کورونا لاک ڈاؤن کے باعث سونے کی قیمت 192.64 ریال سے شروع ہوئی اور بڑھ کر 203.81 ریال تک پہنچی- یہ کورونا لاک ڈاؤن میں اور سال کے دوران سب سے زیادہ بڑھنے والی قیمت تھی-
یکم مئی کو قیمت بڑھ کر 204.89 ریال سے شروع ہوئی اور یہاں ایک بار پھر سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور مئی کے اختتام پر قیمت ایک گرام 208.93 ریال پر آ گئی-

اکتوبر میں سونے کی قیمت متوازن رہی اور قیمت 229.79 ریال  سے شروع ہو کر 226.57  ریال تک رہی۔ (فوٹو: انسپلیش)

جون کا مہینہ شروع ہوتے ہی سونے کی قیمت میں بھی تیزی آ گئی جس سے سونے کی قیمت یکم جون کو 209.99 ریال فی گرام سے شروع ہوئی اور جون کے اختتام پر قیمت 214.78 ریال تک پہنچی-
جولائی کا مہینہ ویسے تو گرمی کا ہوتا ہے مگر سونے کی قیمت میں بھی جولائی میں کافی تیزی دیکھنے میں آئی اور قیمت یکم جولائی کو 213.51 سے شروع ہوکر 31 جولائی کو 238.19 ریال پر ٹھہری اس طرح سونے کی سب سے زیادہ قیمتیں جولائی میں بڑھیں-
اگست میں سونے کی قیمتوں میں استحکام
اگست کے شروع ہوتے ہی قیمت 238.18 پرآ گئی- اس مہینے میں قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا اور اختتام اگست تک قیمت فی گرام سونا 237.12 ریال تک ہی رہی-
لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد قیمتوں میں اضافہ
ستمبر میں دنیا کے بہت سے ممالک میں  کورونا کے باعث لاک ڈاؤن ختم ہوا اور کاروبار شروع ہوا تو سونے کی قیمتیں بھی گرنا شروع ہو گئیں-
یکم ستمبر کو سونے کی قیمت 237.65 رہی جو ستمبر کے اختتام پر گھٹ کر 227.36 تک چلی گئی-

دسمبر میں قیمت 218.87 ریال سے شروع ہوئی اور اس ماہ کے آخر تک 24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 226.43 ریال تک پہنچی- (فوٹو: انسپلیش)

ستمبر میں تقریباً ایک گرام سونے پر دس ریال تک کمی واقع ہوئی۔
اکتوبر میں سونے کی قیمت متوازن رہی اور قیمت 229.79 ریال  سے شروع ہو کر 226.57  ریال تک رہی۔
سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
نومبر میں سونے کی قیمت 228.51 ریال فی گرام سے بڑھنا شروع ہوئی اور ایک ہفتے کے اندر بڑھ کر 235 تک پہنچی جس کے بعد دوبارہ قیمت کم ہونا شروع ہوئی اور نومبر کے اختتام پر قیمت کم ہوکر 214.33 ریال تک آ گئی-
دسمبر میں قیمت 218.87 ریال سے شروع ہوئی اور اس ماہ کے آخر تک 24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 226.43 ریال تک پہنچی-

شیئر: